راوی کلب نے مہران کلب کو شکست دے کر گنگال فٹ بال ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنالی

جمعہ 20 جولائی 2018 16:55

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2018ء) راوی کلب نے مہران کلب کو شکست دے کر گنگال فٹ بال ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنا لی۔ گنگال فٹ بال گرائونڈ پر کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میچ میں راوی کلب نے مہران کلب کو 5 کے مقابلے میں 7 گول سے شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ وقفے تک دونوں ٹیمیں دو، دو گول سے برابر رہیں، دوسرے ہاف میں مزید ایک ایک گول کیا اور اسی طرح دونوں ٹیمیں مقررہ وقت میں تین، تین گول سے برابر رہیں۔

(جاری ہے)

راوی کلب کی جانب سے فیضان، بشارت اور کاوش نے ایک، ایک گول کیا اور مہران کلب روح اللہ نے دو جبکہ علی نے ایک گول کیا، میچ کا فیصلہ پنلٹی ککس پر ہوا، راوی کلب نے چار گول اور مہران کلب نے دو گول کئے، ریفریز کے فرائض ایاز خان، اللہ نواز اور محمد اویس نے انجام دیئے، اس موقع پر راوی کلب کے صدر سید تنویر احمد، مہران کلب کے صدر محمد زمان، گنگال کلب کے صدر ایڈووکیٹ خالد محمود کیانی کے علاوہ شائقین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ ٹورنامنٹ میں 8 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں مہران کلب، اکبر کلب، گنگال کلب، بولان کلب، غوری کلب، بارہ کہو کلب اور القائم کلب شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ پی ایف ایف رولز کے مطابق ناک آئوٹ سسٹم پر کھیلا جا رہا ہے۔
وقت اشاعت : 20/07/2018 - 16:55:13