فخر زمان کی ون ڈے ڈبل سنچری ،پاکستان نے زمبابوے کو چوتھے ونڈے میں بھی 244رنز سے ہرادیا، سیریز میں برتری 4-0ہوگئی

،فخر زمان مین آف دی میچ قرار پائے

جمعہ 20 جولائی 2018 23:32

فخر زمان کی ون ڈے  ڈبل سنچری ،پاکستان نے زمبابوے کو چوتھے ونڈے میں بھی 244رنز سے ہرادیا، سیریز میں برتری 4-0ہوگئی
بلاوایو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جولائی2018ء) زمبابوے کے خلاف چوتھے ایک روزہ کرکٹ میچ میں فخر زمان کی ڈبل سنچری کی بدولت پاکستان نے ایک روزہ کرکٹ میں اپنا سب سے بڑا مجموعی سکور بناڈالا اور جواب میں زمبابوے کی ٹیم 155رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی ،اس طرح پاکستان نے یہ میچ 244 رنز سے جیت کر سیریز میں 4-0کی برتری حاصل کرلی ہے،فخر زمان مین آف دی میچ قرار پائے ۔

جمعہ کے روز بلاوایو میں کھیلے گئے سیریز کے چوتھے ایک روز انٹرنیشنل میچ میں پاکستان کے کپتان سرفرازاحمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 399 رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے امام الحق اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا اور 304 رنز کی ریکارڈ شراکت قائم کی۔

(جاری ہے)

یہ پاکستان کی جانب سے کسی بھی وکٹ کے لیے بہترین اور ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ کی چوتھی سب سے بڑی شراکت ہے۔

پاکستان کی پہلی وکٹ 304 کے سکور پر گری جب امام الحق آٹھ چوکوں کی مدد سے 113 رنز بنانے کے بعد کیچ آؤٹ ہوئے۔ فخر زمان نے دھواں دھار بلے باری جاری رکھی اور وہ پاکستان کی جانب سے ایک روزہ کرکٹ میں ڈبل سنچری بنانے والے پہلے بلے باز بن گئے۔اس کے ساتھ ہی وہ پاکستان کی جانب سے ایک روزہ کرکٹ میں سب سے بڑا انفرادی سکور بنانے والے کھلاڑی بھی بن گئے۔

انھوں نے سعید انور کا ریکارڈ توڑا جو انھوں نے انڈیا کے خلاف 194 رنز کی اننگز کھیل کر قائم کیا تھا۔فخر زمان نے یہ ڈبل سنچری 23 چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے مکمل کی۔ فخر زمان ڈبل سنچری بنانے کے بعد 210 کے سکور پر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ ان کا ساتھ دینے والے آصف علی نے 22 گیندوں پر 50 رنز بنائے۔ پاکستان کے 399 رنز کے جواب میں زمبابوے کی ٹیم 42.4 اوورز میں 155رنز بنا سکی اور پاکستان نے سیریز کا چوتھا میچ 244 رنز سے جیت لیا۔

پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے چار، عثمان اور فہیم نے دو دو جبکہ جیند خان اور شعیب ملک نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ فخر زمان کو بہترین کاکردگی دکھانے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔ اس سے قبل ایک روزہ کرکٹ میں پاکستان کا سب سے بڑا سکور 385 تھا جو اس نے بنگلہ دیش کے خلاف بنایا تھا۔چوتھے میچ کے لیے پاکستان نے وہی ٹیم میدان میں اتار ی تھی جس نے تیسرا میچ کھیلا تھا جبکہ زمبابوے نے اپنی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں۔

پرنس مسوئر اور چیمو چبھابھا کی جگہ تناشے کمنہوکموے اور ڈونلڈ ٹریپینو کو ٹیم میں شامل کیا گیا ۔ پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو چار صفر کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔پیر کو کھیلے گئے تیسرے ون ڈے کرکٹ میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو نو وکٹوں سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی تھی۔پہلے میچ میں پاکستان نے میزبان ٹیم کو 201 رنز جبکہ دوسرے میچ میں نو وکٹوں سے شکست دی تھی۔
وقت اشاعت : 20/07/2018 - 23:32:20

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :