حسن علی نے وکٹ لینے پر جنریٹر چلانے کیلئے جگری دوست کے خدمات حاصل کرلیں

پاکستان نے زمبابوے کیخلاف ون ڈے سیریز میں کلین سویپ مکمل کرلیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 23 جولائی 2018 09:48

حسن علی نے وکٹ لینے پر جنریٹر چلانے کیلئے جگری دوست کے خدمات حاصل کرلیں
بلاوائیو(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23جولائی 2018 ء) پاکستانی فاسٹ باﺅلر حسن علی نے اپنی انجری سے سبق سیکھ لیا ،وکٹ لینے کے بعد جرنیٹر سٹائل میں خوشی منانا بند کردی۔تفصیلات کے مطابق حسن علی نے آج زمبابوے کے خلاف میچ میں زمبابوین کپتان ہیملٹن مسا کاڈزا کو کلین بولڈ کیا تو خود جرنیٹر سٹائل میں خوشی نہیں منائی بلکہ خوشی منانے کے لیے اپنے جگری یار شاداب خان کو بلا لیا اور پھر شاداب خان نے وہاں حسن علی کے پاس پہنچ کر جرنیٹر سٹائل میں خوشی منائی ،یہ منظر دیکھ کر ٹیم کے دیگر کھلاڑی بھی ہنسنا شروع ہو گئے اور سٹیڈ یم میں موجود پاکستانی مداحوں نے بھی اس حرکت کو خوب پسند کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ میچ میں وکٹ لینے کے بعد جب حسن علی نے جرنیٹر سٹائل لگا یا تھا تو ان کے گردن کے پٹھوں میں کھنچاﺅ آگیا تھا جس کی وجہ سے وہ موقع پر ہی کھنچاﺅکی وجہ سے بیٹھ گئے تھے۔

(جاری ہے)

حسن علی
حسن علی
یاد رہے کہ پاکستان نے زمبابوے کو پانچویں ون ڈے میں بھی شکست دےکر سیریز میں کلین سوئپ کرلیا۔زمبابوے کے شہر بلاوایو میں کھیلے گئے پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو جیت کےلئے 365 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں میزبان ٹیم مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر صرف 233 رنز ہی بنا سکی اور یوں قومی ٹیم نے 131رنز کے مارجن سے کامیابی حاصل کرکے سیریز میں وائٹ واش کردیا۔

ہدف کے تعاقب میں زمبابوین اوپنرز نے ٹیم کو 14 اوورز میں 66 رنز کا آغاز فراہم کیا، کپتان ہیملٹن مساکیڈزا نے 34 رنز بنائے جنہیں حسن علی نے بولڈ کر دیا، اگلے ہی اوور میں کامونوکاموے نے 34 رنز بنائے اور محمد نواز کی گیند پر امام الحق کو کیچ دے بیٹھے، پرنس مسوارے نے 39 اور ریان مرے 47 پر آﺅٹ ہوئے جبکہ پیٹر مور 44 اور ایلٹن چگمبرا 25 رنز پر ناٹ آﺅٹ رہے۔

حسن علی اور محمد نواز نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں، بابر اعظم مین آف دی میچ جبکہ فخر زمان مین آف دی سیریز قرار پائے۔اس سے قبل گرین شرٹس نے زمبابوے کےخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور امام الحق نے کیا، دونوں اوپنرز نے ایک بار پھر شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور 168 رنز کی شراکت قائم کی۔اوپنر فخر زمان نے 85 رنز کی اننگز کھیلی اور تیز ترین ایک ہزار رنز مکمل کرنے کا اعزاز بھی اپنے نام کرلیا تاہم وہ اپنی سنچری مکمل نہ کرسکے اور آﺅٹ ہوگئے، امام الحق نے بھی زبردست کھیل کا مظاہرہ کیا اور سنچری مکمل کرتے ہوئے 110 رنز کی اننگز کھیلی۔

اوپنرز کے آﺅٹ ہونے کے بعد ون ڈاﺅن آنےوالے بابر اعظم نے جارحانہ انداز اپنایا اور 106 رنز بناتے ہوئے سنچری مکمل کی جس کے باعث پاکستان نے مقررہ اوورز میں 364 رنز بنائے۔
وقت اشاعت : 23/07/2018 - 09:48:49

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :