زیادہ لسٹ اے سنچریاں، بابر اعظم نے مہندرا سنگھ دھونی کا ریکارڈ توڑ دیا

نوجوان بلے باز نے زمبابوے کیخلاف کیریئر کی آٹھویں سنچری بھی سکور کی تھی

پیر 23 جولائی 2018 15:07

زیادہ لسٹ اے سنچریاں، بابر اعظم نے مہندرا سنگھ دھونی کا ریکارڈ توڑ دیا
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23جولائی 2018 ء) قومی ٹیم کے ٹاپ آرڈر بلے بازبابر اعظم نے لسٹ اے کرکٹ میں زیادہ سنچریاں بنانے کا بھارتی وکٹ کیپر بلے باز مہندرا سنگھ دھونی کا ریکارڈ توڑ دیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق 23سالہ بابر اعظم نے زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز کے آخری مقابلے میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے لسٹ اے کیریئر کی 18ویں سنچری مکمل کی جس کے ساتھ وہ17لسٹ اے سنچریوں کے مالک مہندرا سنگھ دھونی سے آگے نکل گئے ہیں۔

لسٹ اے کرکٹ میں پاکستان کیلئے قومی ٹیم کے سابق اوپنر سعید انور26سنچریوں کےساتھ سب سے زیاد ہ سینکڑے سکور کرنےوالے ملکی بلے باز ہیں ۔ ٹیسٹ اوپنر خرم منظور136لسٹ اے میچز میں 23سنچریوں کے ہمراہ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر موجود ہیں ۔

(جاری ہے)

ٹیسٹ اوپنر سلمان بٹ اب تک 192لسٹ اے میچز کی190اننگز میں 44.98 کی اوسط سے 7873رنز سکور کرچکے ہیں جس میں22سنچریاں اور41نصف سنچریاں شامل ہیں ۔

قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے بازکامران اکمل نے 330لسٹ اے میچز میں21سنچریوں کےساتھ چوتھی پوزیشن سنبھال رکھی ہے ، ایشین بریڈمین ظہیر عباس323لسٹ اے میچز میں19سنچریاں سکور کرکے پانچویں جبکہ سابق ٹیسٹ اوپنر سلیم الہی محض141لسٹ اے میچز میں 18سنچریاں سکور کرکے چھٹے نمبر پر موجود ہیں ۔ سابق ٹی ٹونٹی کپتان محمد حفیظ318میچز میں 17 لسٹ ا ے سنچریوں کے ساتھ مشترکہ طور پر ساتویں ،ٹیسٹ اوپنر احمد شہزاد ،سابق ون ڈے کپتان اظہر علی اور سابق کپتان اورآل راﺅنڈر شعیب ملک 16،16لسٹ اے سنچریاں سکور کرکے مشتر کہ طور پر آٹھویں جب کہ سابق ٹیسٹ کپتان محمد یوسف اور سابق ٹیسٹ اوپنر رمیز راجہ15، 15لسٹ اے سنچریاں سکور کرکے مشتر کہ طور پر نویں نمبر پر موجود ہیں ۔
وقت اشاعت : 23/07/2018 - 15:07:03

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :