فٹبال عالمی کپ 2022 کیلئے کام کرنے والے مزدور اجرتوں سے محروم

عالمی کپ کے انعقاد کیلئے سٹیڈیمز کی تعمیر اور دوسرے منصوبوں پر کام کرنے والے سیکڑوں مزدور گذشتہ 7 ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں

منگل 24 جولائی 2018 16:20

قطر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 جولائی2018ء) قطر میں 2022 میں ہونے والے فٹ بال عالمی کپ کے انعقاد کے لیے سٹیڈیمز کی تعمیر اور دوسرے منصوبوں پر کام کرنے والے سیکڑوں بھارتی تارک ِوطن مزدور انتہائی نامساعد حالات میں رہ رہے ہیں۔ انہیں گذشتہ چھ سات ماہ سے تنخواہیں ادا نہیں کی جا رہی ہیں ،ان میں بہت سے ملازمتوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں یا ان کے ویزوں کی میعاد ختم ہوچکی ہے اور وہ مزدور کیمپوں میں انتہائی ابتر حالات میں رہ رہے ہیں ۔

بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق ایسے ورکروں کی تعداد 600 سے زیادہ ہے۔ اخبار نے ایک بھارتی عہدہ دار کے حوالے سے لکھا ہے کہ ان میں بعض گذشتہ آٹھ سے دس سال سے قطر میں کام کررہے ہیں لیکن انہیں ان کے واجبات اور معاوضوں کی ادائیگی کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے۔

(جاری ہے)

ایک قطری فرم کے لیے گذشتہ آٹھ سال سے کام کرنے والے بھارتی شہری ایس کمار نے بتایا کہ ہمیں اب لوگوں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا ہے ،وہ ہمیں خیرات میں کھانا دے جاتے ہیں ۔

دن کے وقت ہمیں بجلی کی سہولت دستیاب نہیں اور صرف رات کے وقت ہم جنریٹر سے بجلی حاصل کرتے ہیں۔بھارتی ریاست کیرالہ سے تعلق رکھنے والے اس تارک وطن کا کہنا تھا کہ اس کو گذشتہ چھ ماہ سے کوئی تنخواہ ادا نہیں کی گئی ہے۔ قطر نے تارکین وطن ورکروں کے مسائل کے حل کے لیے اصلاحات کا وعدہ کیا تھا لیکن اس کے بعد بھی تارکین وطن کے مسائل حل نہیں ہوئے ہیں اور ان سے محض وعدے وعید پر مفت بری میں کام لیا جا رہا ہے۔

ایک تعمیراتی کمپنی کے لیے گذشتہ نوسال سے کام کرنے والیایک بھارتی پلمبر کا کہنا تھا کہ اب ہمارے پاس اپنے واجبات کی ادائیگی کے لیے انتظار کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔ میں ہسپتال بھی نہیں جاسکتا کیونکہ میرے ویزے کی میعاد ختم ہوچکی ہے اور وہاں جانے کی صورت میں مجھے پکڑے جانے کا خوف لاحق ہے۔ایک اور ورکر کا کہنا تھا کہ مجھے وطن واپس جانے کے لیے رقم ادھار لینا پڑی ہے ۔

میں ناامیدی کا شکار ہوں ۔میں نے دو سال قبل یہاں آنے کے لیے اپنی جائیداد گروی رکھی تھی لیکن مجھے یہاں جو کچھ ملا ہے، وہ سب کے سامنے ہے۔اخبار نے لکھا ہے کہ قطر میں بھارتی مشن نے اس کمپنی کے ساتھ تارک وطن مزدوروں کے واجبات کی عدم ادائی کا معاملہ اٹھایا تھا لیکن اس نے اب تک کوئی جواب نہیں دیا ہے۔ بھارت سے تعلق رکھنے والے 25 ورکروں نے 10 اپریل کو مشن کو ایک درخواست دی تھی اور اس میں یہ شکایت کی تھی کہ انہیں گذشتہ کئی ماہ سے تن خواہیں ادا نہیں کی جا رہی ہیں۔

بھارتی مشن اب بنگلہ دیش ، نیپال اور فلپائن کے ساتھ مل کر اپنے ورکروں کو ریلیف دلانے کے لیے کام کررہا ہے۔ایک اہلکار کے مطابق قطر نے حال ہی میں متاثرہ کمپنیوں کے ورکروں کے واجبات کی ادائی کے لیے ایک سپورٹ فنڈ کے قیام کا اعلان کیا تھا ۔تاہم ابھی تک یہ فنڈ فعال نہیں ہوا ہے۔
وقت اشاعت : 24/07/2018 - 16:20:57

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :