ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2018ء کے شیڈول کا اعلان

ایونٹ 15 سے 28 ستمبر تک یو اے ای میں کھیلا جائے گا، 19 ستمبر کو پاک بھارت ٹاکرا ہو گا

منگل 24 جولائی 2018 23:56

ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2018ء کے شیڈول کا اعلان
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2018ء) ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2018ء کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا، ایونٹ 15 سے 28 ستمبر تک متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا، پاکستانی ٹیم 16 ستمبر کو کوالیفائر ٹیم کے خلاف میچ سے مہم کا آغاز کرے گی، گرین شرٹس کو 19 ستمبر کو روایتی حریف بھارت کا چیلنج درپیش ہو گا۔ منگل کو رواں سال ہونے والے ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا، ایونٹ 15 سے 28 ستمبر تک محدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا جس میں پہلی مرتبہ چھ ٹیمیں ایکشن میں دکھائی دیں گی، پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان نے براہ راست ایونٹ میں جگہ بنائی تھی جبکہ ہانگ کانگ، ملائیشیا، نیپال، اومان ، سنگاپور اور متحدہ عرب امارات میں سے کوئی ایک ٹیم کوالیفائنگ مرحلہ عبور کر کے ایونٹ تک رسائی حاصل کرے گی۔

(جاری ہے)

ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، پاکستان، بھارت اور کوالیفائر ٹیم کو گروپ اے، بنگلہ دیش، سری لنکا اور افغانستان کو گروپ بی میں رکھا گیا ہے، ہر گروپ سے دو ٹیمیں سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کریں گی جہاں پر چاروں ٹیمیں آپس میں مدمقابل ہوں گی اور دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل کھیلا جائے گا۔ 15 ستمبر کو افتتاحی میچ میں سری لنکا کا مقابلہ بنگلہ دیش سے ہو گا، پاکستانی ٹیم 16 ستمبر کو کوالیفائر ٹیم کے خلاف مہم کا آغاز کرے گی، گرین شرٹس 19 ستمبر کو روایتی حریف بھارت کے آمنے سامنے ہوں گے، سپر فور مرحلے کے میچز 21 سے 26 ستمبر تک کھیلے جائیں گے، واضح رہے کہ دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 28 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔
وقت اشاعت : 24/07/2018 - 23:56:09

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :