انگلینڈ کو پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست دیکر سیریز کا ٓغاز فاتحانہ انداز میں کرینگے، ایشون

انگلینڈ اور بھارت کے درمیان پہلا کرکٹ ٹیسٹ میچ یکم اگست سے شروع ہوگا

جمعہ 27 جولائی 2018 15:42

برمنگھم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جولائی2018ء) بھارتی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل رائونڈر روی چندرن ایشون نے کہا ہے کہ انگلینڈ کو پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست دیکر سیریز کا آغاز فتح سے کرینگے، انگلینڈ کو ہوم گرائوند اور کرائوڈ کا فائدہ ضرور ہوگا تاہم اس کا ٹیم پر کوئی اثر نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم مکمل طور پر فٹ اور بھر پور فار میں ہے اور میزبان ٹیم کے خلاف پہلے ٹیسٹ کیلئے میدان میں اترنے کو بے تاب ہے۔

انگلینڈ اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچ ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ یکم سے 5 اگست تک برمنگھم میں کھیلا جائیگا۔ اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان سب سے پہلے تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز میں بھارت نے میزبان ٹیم کو 2-1 سے شکست دی ہے۔

(جاری ہے)

اس کے بعد کم بیک کرتے ہوئے میزبان ٹیم نے تین ون ڈے میچوں کی سیریز میں بھارت کو 2-1 سے شکست دیکر بدلہ چکا دیا۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ یکم سے 5 اگست تک برمنگھم میں کھیلا جائیگا، دوسرا میچ 9 سے 13 اگست تک لندن میں کھیلا جائیگا، تیسرا میچ 18 سے 22 اگست تک نوٹنگھم میں کھیلا جائیگا، چوتھا میچ 30اگست سے 3 ستمبر تک سائوتھمپٹن میں کھیلا جائیگا جبکہ پانچواں اور آخری میچ 7 سے 11 ستمبر تک لندن میں کھیلا جائیگا۔
وقت اشاعت : 27/07/2018 - 15:42:58

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :