عمران خان سے متعلق سنیل گواسکر کی پیشن گوئی درست ثابت ہوئی

عمرا ن خان پاکستان کے 19ویں ممکنہ وزیر اعظم ہو ں گے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 28 جولائی 2018 15:43

عمران خان سے متعلق سنیل گواسکر کی پیشن گوئی درست ثابت ہوئی
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28جولائی 2018 ء) پاکستان کے نئے متوقع وزیراعظم عمران خان کے حوالے سے چھ سال قبل کی گئی سابق بھارتی کپتان سنیل گواسکر کی پیش گوئی درست ثابت ہو گئی۔تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں 25جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان کی زیر قیادت قومی اسمبلی کی 269میں سے 119 نشستیں حاصل کرکے اس وقت حکومت بنانے کے لیے اپنی پوزیشن انتہائی مضبو ط کرلی ہے جب کہ سابق کپتان ملک کے 19ویں ممکنہ وزیر اعظم بھی ہوں گے ۔

2012ءمیں بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان ایشیاءکپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے میچ میں کمنٹری کے دوران گواسکر نے رمیز راجہ کو خبردار کیا تھا کہ وہ عمران خان کے متعلق اپنے الفاظ کا چناﺅ محتاط انداز میں کریں اور ٹی وی پر اپنے سابق کپتان کا کھلم کھلا مذاق نہ اڑائیں کیونکہ وہ پاکستان کے اگلے وزیراعظم بھی بن سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ رمیز راجہ کمنٹری کے دوران عمران خان کا مضحکہ خیز انداز سے ذکر کرتے ہوئے کہہ رہے تھے کہ سنیل گواسکر سابق قومی کپتان کی گیندوں کا سامنا آسانی سے آگے پیچھے ہٹ کر کرتے تھے تو عمران خان کا شاٹ لیگ پر فیلڈنگ کرنے والے رمیز راجہ کی جانب مڑ کر حیرانگی سے یہ کہنا ہوتا تھا کہ ”دیکھو یہ کیسے کھیل رہا ہے“۔

واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں تحریک انصاف 119 نشستیں جیت کر ایوان زیریں کی سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے، مسلم لیگ (ن) 62 نشستوں کے ساتھ دوسری جب کہ پیپلز پارٹی 43 کے ساتھ تیسری بڑی جماعت بن کر ابھری ہے، متحدہ مجلس عمل کی قومی اسمبلی میں 12، مسلم لیگ (ق)5، ایم کیو ایم پاکستان 6 ، جی ڈی اے 2 جب کہ عوامی مسلم لیگ، پاکستان تحریک انسانیت، اے این پی اور بی این پی کا ایک ایک امیدوار کامیاب ہوا ہے، دوسری جانب 12 آزاد امیدوار قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے ہیں۔
وقت اشاعت : 28/07/2018 - 15:43:44

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :