قومی رینکنگ سنوکر چمپئن شپ 5 اگست سے کراچی میں شروع ہوگی

چمپئن شپ کی تیاریاں جاری ہیں ،پنجاب، سندھ ، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد کے کھلاڑی ایکشن میں نظر آئینگے، نوید کباڈیہ

پیر 30 جولائی 2018 22:03

قومی رینکنگ سنوکر چمپئن شپ 5 اگست سے کراچی میں شروع ہوگی
اسلام آبد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2018ء) پاکستان سنوکر اینڈ بلیئرڈ فیڈریشن کے زیر اہتمام اور این بی پی کے تعاون سے قومی رینکنگ سنوکر چمپئن شپ 5 اگست سے این بی پی سپورٹس کمپلیکس کے سنوکر جمنازیم کراچی میں شروع ہوگی۔ فیڈریشن کے ترجمان نوید کباڈیہ نے میڈیا کو بتایا کہ چمپئن شپ کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں اور چمپئن شپ میں ملک بھر سے پنجاب، سندھ ، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد کے کھلاڑیوں ایکشن میں نظر آئینگے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چمپئن شپ میں معروف انٹرنیشنل کیوئسٹ اسجد اقبال اپنے اعزاز کا دفاع کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا کوئی بھی کھلاڑی قومی رینکنگ میں جگہ نہیں بنا سکا ہے جس کی وجہ سے اسے چمپئن شپ میں شامل نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ چمپئن شپ میں سابق عالمی چمپئن محمدآصف ، سابق عالمی جونیئر چمپئن محمد نسیم اختر، محمد بلال، بابر مسیح، احسن جاوید، حیدرعلی، سلطان محمد، ذوالفقار احمد قادر، اور حارث طاہر حصہ لے رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ چمپئن شپ کا پہلے مرحلہ لیگ سسٹم کی بنیاد پر کھیلا جائے گا اور ہر گروپ سے دو، دو، کھلاڑی فائنل رائونڈ کیلئے کوالیفائی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ چمپئن شپ کا فائنل میچ14 اگست کو کھیلا جائے گا ۔
وقت اشاعت : 30/07/2018 - 22:03:51

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :