قومی کرکٹ ٹیم کو دنیا کی نمبر ون ٹیم بنا دوں گا ،عمران خان

پاکستانی ٹیم اچھا کررہی ہے اور مجھے امید ہے کہ مزید بہتر کرے گی،میری تمام تر نیک خواہشات پاکستانی ٹیم کیلئے ہیں،قومی کرکٹرز سے ملاقات کے دوران گفتگو

منگل 31 جولائی 2018 23:47

قومی کرکٹ ٹیم کو دنیا کی نمبر ون ٹیم بنا دوں گا ،عمران خان
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 جولائی2018ء) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد، محمد حفیظ، فاسٹ بالر عمر گل اور سابق کپتان وقار یونس نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے بنی گالا میں ملاقات کی۔قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد، محمد حفیظ اور عمر گل بنی گالا پہنچے تو جہانگیر ترین نے ان کا استقبال کیا۔ کرکٹرز کی عمران خان سے ملاقات میں سابق کپتان وقار یونس بھی موجود تھے۔

قومی کرکٹرز نے پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔عمران خان نے کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو کرکٹ میں دنیا کی نمبر ون ٹیم بنائیں گے اور کھلاڑیوں کے لیے بہترین مواقع اور زیادہ میدان فراہم کریں گے۔

(جاری ہے)

ملاقات کے بعد کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ ماضی کے عظیم آل رانڈر اور سابق کپتان عمران خان نے ملاقات میں اس بات کا عندیہ دیا ہے کہ وہ اقتدار میں آکر کرکٹ کے معاملات کو ٹھیک کریں گے اور پاکستانی ٹیم کو دنیا کی صف اول کی ٹیم بنانا ان کے اہداف میں شامل ہیں۔

عمران خان نے سرفراز احمد سے کہا کہ پاکستانی ٹیم اچھا کررہی ہے اور مجھے امید ہے کہ یہ ٹیم مزید بہتر کرے گی، میری تمام تر نیک خواہشات پاکستانی ٹیم کے لیے ہیں۔ملاقات میں عمر گل نے کہا کہ آپ ہمارے ہیرو ہیں اور ہمیں آپ پر فخر ہے جب کہ محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ عمران خان کی قیادت میں پاکستان کا مستقبل تابناک دکھائی دیتا ہے۔
وقت اشاعت : 31/07/2018 - 23:47:09

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :