قومی کرکٹرز کی روہنگیا مسلمانوں کیلئے امدادی میچ میں شرکت

مصباح الحق،سعیداجمل ،عمران طاہر ،ثقلین مشتاق اوراین اوبرائن میچ کا حصہ بنے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 2 اگست 2018 13:57

قومی کرکٹرز کی روہنگیا مسلمانوں کیلئے امدادی میچ میں شرکت
لندن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔2 اگست 2018 ء) سابق قومی کپتان مصباح الحق سمیت متعدد ماضی کے کئی پاکستانی اور انٹرنیشنل کھلاڑی روہنگیا مسلمانوں کیلئے فنڈز جمع کرنے کی خاطر سیلیبریٹی میچ میں یکجا ہو گئے جن میں جنوبی افریقی لیگ سپنر عمران طاہر بھی شامل تھے۔ تفصیلات کے مطابق اس چیریٹی میچ کا انعقاد لندن کے ایک مارکیٹنگ کنسلٹنٹ عمران احمد نے سلو کرکٹ کلب گراﺅنڈ پر کیا تھا جہاں سابق قومی کپتان مصباح الحق کے ساتھ گیارہ انٹرنیشنل سٹارز پر مشتمل ٹیم میں قومی ٹیم کے سابق کپتان اور اوپننگ بلے با ز عامر سہیل ،38سالہ جنوبی افریقی لیگ سپنر عمران طاہر کے ساتھ سابق ٹیسٹ فاسٹ باﺅلر محمد اکرم ،قومی ٹیم کے سابق آف سپنر سعید اجمل،”دوسرا “ کے موجد ثقلین مشتاق ،سابق قومی ٹیسٹ اوپنر توفیق عمر ، سابق بھارتی ٹیسٹ اوپننگ بلے باز وسیم جعفر اورنیوزی لینڈ کے سابق ٹیسٹ فاسٹ باﺅلر این اوبرائن جیسے نامور کھلاڑی بھی شامل تھے جب کہ حریف ٹیم چیشام،وے ہائیکومب اور سلو کے کھلاڑیوں پر مشتمل تھی۔

(جاری ہے)

بتایا جاتا ہے کہ اس ایونٹ کو چیشام ایشین ویلفیئر سوسائٹی کی سپورٹ بھی حاصل تھی جو اپنے قیام کی دسویں سالگرہ بھی منا رہی تھی۔یاد رہے کہ میانمار کی آبادی کی اکثریت بدھ مت سے تعلق رکھتی ہے۔ میانمار میں ایک اندازے کے مطابق دس لاکھ روہنگیا مسلمان ہیں۔ ان مسلمانوں کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ بنیادی طور پر غیر قانونی بنگلہ دیشی مہاجر ہیں۔

حکومت نے انھیں شہریت دینے سے انکار کر دیا ہے تاہم یہ یہ میانمار میں نسلوں سے رہ رہے ہیں۔ریاست رخائن میں 2012 ءسے فرقہ وارانہ تشدد جاری ہے، اس تشدد میں بڑی تعداد میں لوگوں کی جانیں گئی ہیں اور ایک لاکھ سے زیادہ لوگ بے گھر ہوئے ہیں۔بڑی تعداد میں روہنگیا مسلمان آج بھی خستہ کیمپوں میں رہ رہے ہیں، انھیں وسیع پیمانے پر امتیازی سلوک اور زیادتی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔لاکھوں کی تعداد میں بغیر دستاویزات والے روہنگیا بنگلہ دیش میں رہ رہے ہیں جو دہائیوں پہلے میانمار چھوڑ کر وہاں آئے تھے۔
تقریب کا ایک منظر
تقریب کا ایک منظر
تقریب کا ایک منظر
تقریب کا ایک منظر

وقت اشاعت : 02/08/2018 - 13:57:58

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :