عمران نذیر کا ساڑھے 4 سال کے وقفے کے بعد کرکٹ میں واپسی کا اعلان

ٹریننگ شروع کر دی، جوڑوں کی بیماری سے ایک طویل عرصے لڑنے کے بعد دوبارہ کرکٹ شروع کررہا ہوں، فٹنس کا معیار دیکھ کر سوچوں گا کتنا مزید کھیلنا ہے، بہت سارے اچھے کھلاڑی ٹیم میں شامل ہیں، اب چیلنج ہے اچھی کرکٹ کھیلوں اور ٹیم میں جگہ بنائوں‘سابق اوپنگ بلے باز کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 9 اگست 2018 21:03

عمران نذیر کا ساڑھے 4 سال کے وقفے کے بعد کرکٹ میں واپسی کا اعلان
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اگست2018ء) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق اوپننگ بلے باز عمران نذیر نے ساڑھے 4سال کے وقفے کے بعد کرکٹ میں واپسی کا اعلان کردیا۔پاکستان کے لیے 8 ٹیسٹ، 79ایک روزہ اور 25ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے والے جارح مزاج اوپنرعمران نذیر نے اپنا آخری میچ 2012ء میں سری لنکا کے خلاف کھیلا تھا جس کے بعد وہ قومی ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام رہے تھے اور بعد ازاں بیماری میں مبتلا ہونے کے باعث کرکٹ کے میدانوں سے دور ہوگئے تھے۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران نذیر نے کہا کہ جوڑوں کی بیماری سے ایک طویل عرصے لڑنے کے بعد اب دوبارہ کرکٹ شروع کررہا ہوں جبکہ پی سی بی اور شاہد آفریدی فائونڈیشن کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مشکل دور میں مدد کی، عوام کی دعائوں سے لمبی انجری کے بعد صحت یاب ہوکر واپس آیا ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میرے مداح بھی مجھے دوبارہ ان ایکشن دیکھنا چاہتے ہیں، کرکٹ میری محبت ہے، اسے چھوڑ نہیں سکتا، اپنے مداحوں کا شکرگزار ہوں، لمبے عرصے کے بعد کرکٹ میں واپسی کر رہا ہوں جبکہ فٹنس کا معیار دیکھ کر سوچوں گا کتنا مزید کھیلنا ہے۔

انہوں نے لاہور میں اپنے آبائی کلب پی اینڈ ٹی جم خانہ میں ٹریننگ کا آغاز کردیا ہے۔سابق اوپننگ بلے باز نے کہا کہ بہت ساری لیگزآگئی ہیں، ساڑے چار سال کرکٹ سے دور رہا، لیکن اب کمی پوری کروں گا جب کہ کئی لیگز میں آفر آئی تھیں لیکن بیماری کے باعث نہیں کھیل سکا تاہم اب فٹ ہوں، آفر آئی تو ضرور کھیلوں گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بہت سارے اچھے کھلاڑی ٹیم میں شامل ہیں، اب چیلنج ہے کہ اچھی کرکٹ کھیلوں اور ٹیم میں جگہ بنائوں۔
وقت اشاعت : 09/08/2018 - 21:03:18

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :