اگلا جشن آزادی کس طرح منائیں گے ؟ سرفراز احمد نے قوم کو خوشخبری سنادی

گزشتہ سال جشن آزادی چیمپئنز ٹرافی کے ساتھ منایا ، کوشش ہوگی اگلے برس جشن آزادی ورلڈ کپ کے ساتھ منائیں، کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 10 اگست 2018 13:06

اگلا جشن آزادی کس طرح منائیں گے ؟ سرفراز احمد نے قوم کو خوشخبری سنادی
کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔10اگست 2018 ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ اگلا جشن آزادی عالمی کپ کے ساتھ منائیں گے۔بحریہ کے تحت منعقدہ تقریب میں قومی کپتان نے کہا کہ خوش آئند بات ہے کہ بحریہ ٹاﺅن میں انٹرنیشنل لیول کا سٹیڈیم بن رہا ہے، اس عمل سے کراچی کو ایک اچھا سٹیڈیم میسر آجائے گا اور جب ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی ہوگی تو اس سٹیڈیم پر بھی انٹرنیشنل میچز کا انعقاد ہوسکے گا۔

ایک سوال کے جواب میں سرفراز احمد نے کہاکہ پوری قوم جشن آزادی جوش و جذبے سے منانے کی تیاری کر رہی ہے، اہلیان وطن کو یوم آزادی مبارک ہو، ایک اور سوال کے جواب میں سرفراز احمد نے کہا کہ گزشتہ سال جشن آزادی چیمپئنز ٹرافی کے ساتھ منایا تھا، کوشش ہوگی کہ اگلے برس جشن آزادی ورلڈ کپ کے ساتھ منائیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے قومی ٹیم کے اوپننگ بلے باز فخر زمان نے کہا کہ خواہش ہے کہ بحریہ ٹاﺅن کرکٹ سٹیڈیم میں بھی کھیلیں، تقریب میں فخر زمان کو 10 لاکھ اور سرفراز احمد کو 5 لاکھ روپے دیے گئے۔

یاد رہے کہ اگلا کرکٹ ورلڈ کپ 2019ءمیں30مئی سے15جولائی تک انگلینڈ میں کھیلا جائے گا جس میں 10ٹیمیں شرکت کریں گی اور آسٹریلیااپنے اعزاز کا دفاع کرےگی ۔ورلڈکپ کی تیاریوں کے سلسلے میں پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی نے ابتدائی اسکواڈ تیار کر لیا ہے،ابتدائی سکواڈ 30 کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور بعدازاں اس سکواڈ میں سے 16 کھلاڑیوں کو ورلڈکپ کیلئے منتخب کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق اکمل برادران اور احمد شہزاد ورلڈکپ 2019ءکیلئے ابتدائی سکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا جبکہ سینٹرل کانٹریکٹ میں اس وقت جتنے بھی کھلاڑی موجود ہیں ان سب کو ورلڈکپ 2019 ءکیلئے ابتدائی سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ ورلڈکپ 2019 ءکیلئے ابتدائی سکواڈ میں شامل کھلاڑیوں میں اظہرعلی، شعیب ملک، سرفراز احمد، یاسر شاہ، بابراعظم، محمد عامر، محمد حفیظ، فہیم اشرف، اسد شفیق، حسن علی، فخر زمان، شاداب خان، محمد عباس، وہاب ریاض، جنید خان، حارث سہیل، امام الحق، محمد نواز، عثمان خان شنواری، شان مسعود، عماد وسیم، ڈی کیٹگری میں رومان رئیس، آصف علی، راحت علی، عثمان صلاح الدین، حسین طلعت، بلال آصف، سعد علی، محمد رضوان، شاہین شاہ آفریدی، صاحبزادہ فرحان، عمید آصف اور میر حمزہ شامل ہیں۔

ورلڈکپ 2019 ءکیلئے ترتیب دیے گئے ابتدائی اسکواڈ میں سے ہی ورلڈکپ سے قبل کھیلی جانےوالی تمام سیریز کیلئے ٹیم منتخب کی جائےگی۔ 
وقت اشاعت : 10/08/2018 - 13:06:42

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :