بدقسمت فواد عالم کاکیریئر تاریکی میں ڈوبنے لگا

کئی اہم کھلاڑیوں کی طرح سینٹرل کنٹریکٹ کیلئے قابل غور نہیں سمجھا گیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 10 اگست 2018 15:56

بدقسمت فواد عالم کاکیریئر تاریکی میں ڈوبنے لگا
کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔10اگست 2018 ء) ایک عشرے کے دوران ڈومیسٹک کرکٹ میں رنز کے ڈھیر لگانے والے باصلاحیت بیٹسمین فواد عالم کا کیریئر تاریکی میں ڈوبنے لگا کیونکہ انہیں بھی کئی اہم کھلاڑیوں کی طرح سینٹرل کنٹریکٹ کیلئے قابل غور نہیں سمجھا گیا۔ بائیں ہاتھ کے بیٹسمین نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 55 رنز فی اننگز کی اوسط سے دس ہزار سے زائد رنز بنا رکھے ہیں لیکن ان کو2009ءکے بعد ٹیسٹ،2015ءکے بعد ون ڈے جب کہ2010ءکے بعد کوئی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ کھیلنے کا موقع نہیں مل سکا ہے۔

بدقسمتی کی انتہا تو یہ ہے کہ فواد عالم کو قومی ٹیم میں چانس دینے سے گریزاں سلیکشن کمیٹی اور ٹیم انتظامیہ انہیں 33 زیر معاہدہ قومی کھلاڑیوں میں شامل کرنے میں بھی ناکام ہو گئی۔یاد رہے کہ ایک انٹر ویو کے دوران فواد عالم کا کہنا تھا کہ وہ قومی ٹیم میں شامل نہ کیے جانے کے باوجود مایوس نہیں اور اپنی کرکٹ جاری رکھنا چاہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ انگلینڈ میں عمدہ کھیل سے ٹیم کے کام آنے کی خواہش ہے۔

(جاری ہے)

145فرسٹ کلاس میچز میں 55.37 کی اوسط سے10742 رنز سکور کرنے والے 32 سالہ فواد عالم مئی 2017ءمیں یونس خان اور مصباح الحق کی ریٹائر منٹ کے بعد ٹیسٹ ٹیم میں شمولیت کے مضبوط ترین امیدوار تھے تاہم چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ان کی جگہ اپنے بھتیجے امام الحق کو قومی ٹیم میں سلیکٹ کرکے انگلینڈ روانہ کردیا ، انضمام الحق کے اس فیصلے کو سابق ٹیسٹ کرکٹرز اور مداحو ں کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا ،کئی سابق ٹیسٹ کرکٹرز کاکہنا تھا کہ اس فیصلے میں ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا بھی ہاتھ تھا جو ٹیم میں اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو پروموٹ کررہے ہیں اور اس کی وجہ سے ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کاکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑی رنز کے ڈھیر لگانے کے باوجود ٹیسٹ ٹیم میں شامل ہونے سے محروم ہیں۔

یاد رہے کہ فواد عالم نے 2009 ءمیں سر ی لنکا کیخلاف اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا اور اپنی دوسری ہی اننگز میں 168رنز کی شاندار باری کھیل ڈالی۔انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف نومبر 2009ءمیں ڈیونیڈن ٹیسٹ میں آخری مرتبہ ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کی تاہم اس کے بعد انہیں ابھی تک قومی ٹیسٹ ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ 
وقت اشاعت : 10/08/2018 - 15:56:27

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :