سپاٹ فکسنگ کیس ، کرکٹر شاہ زیب حسن کو فیصلہ کے خلاف اپیل کرنا مہنگا پڑ گیا ،

کرکٹ کھیلنے پر پابندی کی ًسزا میں مزید تین سال کا اضافہ ،10 لاکھ روپے جرمانہ بھی برقرار

جمعہ 10 اگست 2018 19:27

سپاٹ فکسنگ کیس ، کرکٹر شاہ زیب حسن کو فیصلہ کے خلاف اپیل کرنا مہنگا پڑ گیا ،
لاہور۔10 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2018ء) پاکستان سپر لیگ میں سپاٹ فکسنگ کیس میں سزا پانے والے کرکٹر شاہ زیب حسن کو فیصلہ کے خلاف اپیل کرنا مہنگا پڑ گیا ، کرکٹ کھیلنے پر پابندی کی ًسزا میں کمی ہونے کی بجائے مذید تین سال کا اضافہ ہوگیا جبکہ 10 لاکھ روپے جرمانہ بھی برقرار رکھا گیا ہے۔ رواں سال جنوری میں سپاٹ فکسنگ کیس میں تین رکنی ٹریبیونل نے سماعت کے بعد اوپنر شاہ زیب کو ایک سال کی پابندی اور 10 لاکھ جرمانے کی سزا سنائی تھی ، شاہ زیب حسن نے جرمانے میں کمی جبکہ پی سی بی نے سزا بڑھانے کی اپیل کی تھی، جس پر آزاد ایڈ جیوڈیکیٹر نے جمعہ کو فیصلہ سنا دیا۔

جس کے تحت ان پر پابندی کی سزا ایک سال سے بڑھا کر 4 سال کر دی گئی جبکہ 10 لاکھ روپے جرمانہ برقرار رکھا گیا ہے۔

(جاری ہے)

یادر ہے کہ اسپاٹ فکسنگ میں نام سامنے آنے کے بعد شاہ زیب حسن کو 17 مارچ 2017 کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے معطل کردیا گیا تھا۔ شاہ زیب حسن کیس کی اینٹی کرپشن ٹریبونل میں سماعت گزشتہ سال 21 اپریل سے شروع ہوئی تھی، جس کا فیصلہ 31 جنوری کو محفوظ کیا گیا، جو رواں برس 28 جنوری کو سنایا گیا تھا۔

پی سی بی کے اینٹی کرپشن ٹربیونل نے اپنے فیصلے میں شاہ زیب حسن کو ایک سال پابندی اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔ شاہ زیب حسن کو 3 شقوں کی خلاف ورزی پر چارج شیٹ کیا گیا تھا، اُن پر کھلاڑیوں کو اُکسانے اور بکیز سے رابطوں کو رپورٹ نہ کرنے کا الزام تھا۔ تاہم شاہ زیب حسن نے 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا ختم کرنے کی اپیل کی تھی۔ آزاد ایڈجیوڈیکیٹر جسٹس ریٹائرڈ حامد حسن نے اپیل کیس کا فیصلہ سنایا اور شاہ زیب حسن پر عائد جرمانہ برقرار رکھتے ہوئے ان پر پابندی کی سزا میں بھی اضافہ کردیا، جس کے مطابق معطل کرکٹر پر پابندی کی سزا اب ایک سال سے بڑھ کر 4 سال ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں شرجیل خان پر ڈھائی سال معطل سمیت پانچ سال پابندی جبکہ خالد لطیف کو پانچ سال پابندی کی سزا سنائی جا چکی ہے۔ دونوں کرکٹرز کی اپیلیں بھی ٹریبیونل میں مسترد ہو چکی ہیں۔ اسی کیس میں سہولت کاری کے ملزم ناصر جمشید کو تحقیقات میں عدم تعاون پر ایک سال کیلئے معطل کیا گیا تھا جبکہ فکسنگ الزامات میں ان کے کیس کی ٹریبیونل میں سماعت مکمل اور فیصلہ محفوظ کیا جا چکاہے۔
وقت اشاعت : 10/08/2018 - 19:27:21

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :