نازیبا اشارہ کرنے والے سہیل تنویر پر جرمانہ عائد

فاسٹ باﺅلر نے مقابلے میں 24رنز دیکر ایک وکٹ لی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 11 اگست 2018 13:49

نازیبا اشارہ کرنے والے سہیل تنویر پر جرمانہ عائد
پروویڈینس(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11اگست 2018 ء) کیریبیئن پریمیئر لیگ میں بیٹسمین کو آﺅٹ کرنے کے بعد نازیبا اشارہ کرنے پر پاکستانی پیسر سہیل تنویر مشکل میں پڑ گئے۔کیریبیئن پریمیئر لیگ میں گیانا واریئرز کی نمائندگی کرنے والے سہیل تنویر کو سینٹ کٹس کے بیٹسمین بین کٹنگ نے چھکا رسید کیا، دوسری ہی گیند پر پیسر نے انھیں آﺅٹ کرنے کے بعد انگلی سے نازیبا اشارہ کیا۔

کٹنگ کی اننگز 15تک محدود رہی، سہیل تنویرکی ٹیم 6 وکٹ سے فاتح رہی، شیمرون ہیٹمائر نے 45گیندوں پر 79رنز جڑ کر فتح میں اہم کردار ادا کیا،ان کی کارکردگی سہیل تنویر کی حرکت سے کھڑے ہونے والے تنازع میں دب کر رہ گئی تاہم منتظمین کی جانب سے 34سالہ فاسٹ باﺅلر پر میچ فیس کا 15فی صد جرمانہ عائد کردیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

سوشل میڈیا پر بھی اس حرکت پر سخت ناپسندیدگی کا اظہار کیا گیا،ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز کی نمائندگی کرنے والے کرس لین نے بھی سہیل تنویر کو آڑے ہاتھوں لیا، آسٹریلوی بیٹسمین نے کہاکہ فاسٹ باﺅلر نے وکٹ لینے کے بعدگھٹیا اشارہ کیا، دیگر کئی کرکٹرز بھی بولر کی حرکت کو اوچھا اور کرکٹ کی سپرٹ کیخلاف قرار دیتے رہے۔

سوشل میڈیا صارفین میں سے ایک نے کہاکہ شریفوں کے کھیل میں اس طرح کی حرکات کسی بھی کرکٹر کو زیب نہیں دیتیں، وکٹ لینے پر جوش وخروش کا اظہار کرنے کے کئی معقول طریقے موجود ہیں۔ سہیل تنویر نے اس مقابلے میں اپنے 4اوورز میں 24د ے کر ایک وکٹ حاصل کی ، وہ کیربیئن پریمیئر لیگ کے گزشتہ سیزن میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باﺅلر رہے تھے جس کے بعد گیانا واریئرز نے رواں سال کے لیے بھی ان کی خدمات 1لاکھ60ہزار امریکی ڈالرز کے عوض حاصل کرلیں ۔ سہیل تنویر اب تک283ٹونٹی ٹونٹی مقابلوں میں 24.94کی اوسط سے290وکٹیں حاصل کرچکے ہیں ۔
وقت اشاعت : 11/08/2018 - 13:49:40

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :