دانن جایا کی تباہ کن بائولنگ، سری لنکا نے جنوبی افریقہ کو آخری ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 178 رنز سے ہرا دیا، پانچ میچوں کی سیریز 3-2 سے پروٹیز کے نام، جنوبی افریقن ٹیم 299 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 24.4 اوورز میں 121 رنز پر ڈھیر، ڈک کوک 54 رنز بنا کر نمایاں، 7 کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور نہ کر سکے، میتھیوز 97 رنز بنا کر ناقابل شکست، دانن جایا کی 6 وکٹیں، دانن جایا میچ اور ڈومینی سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے

اتوار 12 اگست 2018 21:50

کولمبو۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2018ء) اینجلو میتھیوز کی شاندار بلے بازی اور اکیلا دانن جایا کی تباہ کن بائولنگ کی بدولت سری لنکا نے جنوبی افریقہ کو پانچویں اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 178 رنز کے واضح مارجن سے ہرا دیا، پانچ میچوں کی سیریز 3-2 سے پروٹیز کے نام رہی، جنوبی افریقن ٹیم 299 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 24.4 اوورز میں 121 رنز پر ڈھیر ہو گئی، آئی لینڈرز کے بائولرز کے سامنے جنوبی افریقہ کی مضبوط بیٹنگ لائن اپ ریت کی دیوار ثابت ہوئی، ڈی کوک 54 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ 7 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے، میتھیوز نے 97 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر اور دانن جایا نے 6 وکٹیں لیکر ٹیم کی جیت میں کردار ادا کیا، دانن جایا میچ اور ڈومینی سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

(جاری ہے)

اتوار کو کولمبو میں کھیلے گئے پانچویں اور آخری ایک روزہ میچ میں سری لنکن قائد میتھیوز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے درست ثابت ہوا، میزبان ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 299 رنز بنائے، میتھیوز نے ڈٹ کر حریف بائولرز کا مقابلہ کیا اور 97 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، نیروشن ڈکویلا 43، اپل تھرنگا 19، کوسل پریرا 8، کوسل مینڈس 38، روشن سلوا 30، تھسارا پریرا 13، شناکا 21 اور دانن جایا 5 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، ملڈر اور پہلک وایو نے 2، 2 ربادا، جونیئر ڈیلا اور مہاراج نے ایک، ایک وکٹ لی۔

جواب میں جنوبی افریقن ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 25 ویں اوور میں 121 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، قائم مقام کپتان کوئنٹن ڈی کوک کے سوا پروٹیز کا کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکا، ڈی کوک 54 رنز بنا کر نمایاں رہے، ہاشم آملہ اور ہینڈرکس بغیر کوئی رن بنائے، ایڈن مرکرم 20، کلاسن 3، جے پی ڈومینی 12، ملڈر 2، پہلک وایو 3، مہاراج 8 اور جونیئر ڈیلا 5 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، دانن جایا نے تباہ کن بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 29 رنز دے کر 6 کھلاڑیوں کو نشانہ عبرت بنایا، لاہیرو کمارا نے 2، سرنگا لکمل اور دھنن جایا ڈی سلوا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
وقت اشاعت : 12/08/2018 - 21:50:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :