ایشیاءکپ میں بھارت کیخلاف کیا کرنا چاہتا ہوں،فخر زمان نے بتا دیا

انفرادی اہداف مقرر نہیں کئے ، ٹیم ورک پر یقین ہے :قومی اوپنر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 13 اگست 2018 14:30

ایشیاءکپ میں بھارت کیخلاف کیا کرنا چاہتا ہوں،فخر زمان نے بتا دیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔13اگست 2018 ء) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سٹار اوپنر فخر زمان نے ایشیاءکپ میں بھارت کیخلاف میچ میں سنچری بنانے کا عزم ظاہر کر دیا۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ روایتی حریف کے خلاف چیمپئنز ٹرافی 2017ءکے فائنل میں جیسی کارکردگی دکھائی تھی۔ ان کی کوشش ہوگی کہ ویسی پرفارمنس ایشیا ءکپ میں بھی پیش کریں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ بھارت کے علاوہ دیگر میچوں میں بھی اچھی کارکردگی دکھانے پر توجہ مرکوز رکھے ہوئے ہیں۔

فخر زمان نے بتایا کہ ان دنوں وہ صرف میگا ایونٹ کی تیار ی کر رہے ہیں اور امید ہے کہ ٹورنامنٹ میں وہ قومی ٹیم کو کامیابی دلانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ انفرادی ہدف مقرر کرنے پر یقین نہیں رکھتے اور ہر میچ اور سیریز کے حساب سے اچھی پرفارمنس کیلئے کوشش کی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

فخر زمان کے مطابق ان کی کامیابی کی وجہ یہی ہے کہ وہ ٹیم ورک پر یقین رکھتے ہیں۔

پاکستان سپر لیگ کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ اس ایونٹ سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا اور ان میں کافی اعتماد بھی آیا۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور قلندرز کی جانب سے کھیلتے ہوئے سینئر کرکٹرز کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کرنے کا موقع ملا اور ا ن سمیت حسن علی، شاداب خان، فہیم اشرف پی ایس ایل سے سامنے آئے۔ فخر زمان کا مزید کہنا تھا کہ لاہور قلندرز کا ڈویلپمنٹ پروگرام پاکستان کے دور دراز علاقوں میں رہنے والے نوجوانوں کیلئے بہترین ہے اور وہ خود کو اس پلیٹ فارم سے دنیا کے سامنے لائیں۔

انہوں نے کہا کہ مذکورہ علاقوں میں ٹیلنٹ موجود ہے لیکن سہولتیں نہ ہونے کی وجہ سے وہ ضائع ہورہا ہے۔یاد رہے کہ ایشیاءکپ کرکٹ ٹورنامنٹ15 سے 28 ستمبر تک متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائیگاجس میں پہلی مرتبہ 6ٹیمیں ایکشن میں دکھائی دیں گی،پاکستان،بھارت،سری لنکا،بنگلہ دیش اور افغانستان نے براہ راست ایونٹ میں جگہ بنائی تھی جبکہ ہانگ کانگ،ملائیشیا،نیپال،اومان،سنگاپور اور متحدہ عرب امارات میں سے کوئی ایک ٹیم کوالیفائنگ مرحلہ عبور کر کے ایونٹ تک رسائی حاصل کرےگی، پاکستانی ٹیم 16 ستمبر کو کوالیفائر ٹیم کیخلاف مہم کا آغاز کرےگی، گرین شرٹس 19 ستمبر کو روایتی حریف بھارت کے آمنے سامنے ہوں گے، سپر فور مرحلے کے میچز 21 سے 26 ستمبر تک کھیلے جائیں گے۔

2ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 28 ستمبر کو کھیلا جائیگا۔ 
وقت اشاعت : 13/08/2018 - 14:30:12

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :