پاکستان سے سیریز جیتنا کیوں مشکل ہوگا،شین وارن نے بتا دیا

بیٹسمین ذمہ داری کا بوجھ اٹھانے سے قاصر ہیں:عظیم لیگ سپنر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 16 اگست 2018 15:43

پاکستان سے سیریز جیتنا کیوں مشکل ہوگا،شین وارن نے بتا دیا
سڈنی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔16اگست 2018 ء) پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کا وقت جوں جوں قریب آرہا ہے، سابق آسٹریلوی کرکٹرز کو سٹیو سمتھ اور ڈیوڈ وارنر کی یاد شدت سے آرہی ہے،سپن کے لیجنڈ شین وارن نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کرکٹ کو فوری طور پر سابق کپتان سٹیو سمتھ اور اوپننگ بلے باز اور نائب کپتان ڈیوڈ وارنر کی ضروت ہے،ٹیم ان کی عدم موجودگی میں ناکام جارہی ہے اور بیٹسمین ابھی تک ذمہ داری کا بوجھ اٹھانے سے قاصر ہیں۔

انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کی ویب کے لئے لکھے گئے کالم میں انہوں نے کہا کہ ان کھلاڑیوں نے بیٹنگ لائن کا بوجھ اٹھایا ہوا تھا اسی وجہ سے کینگروزٹیم کو اس وقت جتنی انکی ضرورت ہے اتنی ماضی میں کبھی نہیں رہی تھی۔ واضح رہے کہ دونوں کرکٹرز جنوبی افریقہ کے خلاف رواں سال کے آغاز میں سامنے آنے والے بال ٹیمپرنگ سکینڈل کی وجہ سے کرکٹ آسٹریلیا کی ایک سالہ معطلی کی سزا کاٹ رہے ہیں جو اگلے سال مارچ میں ختم ہوگی جب کہ پاکستان کے خلاف سیریز اس سال کے آخر میں شیڈول ہے،آسٹریلیا نے سٹیو سمتھ اور ڈیوڈ وارنر کی عدم موجودگی میں اب تک ایک ٹیسٹ کھیلا اور ہارا جب کہ انگلینڈ میں ون ڈے سیریز میں وائٹ واش ہوئے اور 2 ٹی ٹونٹی سیریز میں بھی ناکام رہے ۔

(جاری ہے)

29سالہ سٹیو سمتھ نے پابندی کے دوران کینیڈین پریمیئر لیگ میں حصہ لیا جس کے بعد وہ اب کیریبئن پریمیئر لیگ میں بارڈوس ٹرائیڈنٹس کی نمائندگی کررہے ہیں جس کے لیے پہلے ٹی ٹونٹی میں انہوں نے 41رنز سکورکیے۔31سالہ ڈیوڈوارنر نے بھی سٹیو سمتھ کی طر ح کینیڈین پریمیئر لیگ میں حصہ لیا تھا جس کے بعد وہ بھی اب کیریبئن پریمیئر لیگ میں سینٹ لوشیا سٹارز کی نمائندگی کررہے ہیں تاہم اب تک3میچز میں صرف 27رنز سکور کرسکے ہیں ۔
وقت اشاعت : 16/08/2018 - 15:43:30

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :