چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی اپنا عہدہ چھوڑنے سے گریزاں

کرکٹ بورڈ کے دیگر عہدیداروں میں تبدیلی کی ممکنہ ہواﺅں کے سبب بے چینی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 17 اگست 2018 12:34

چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی اپنا عہدہ چھوڑنے سے گریزاں
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔17اگست 2018 ء) پاکستان کرکٹ بورڈ میں بے یقینی کی کیفیت کا راج ہے ،چیئرمین نجم سیٹھی اپنا عہدہ چھوڑنے سے گریزاں ہیں حالانکہ انہیں اس حوالے سے واضح اشارے بھی مل چکے ہیں،ذرائع کے مطابق بورڈ کے دیگر عہدیداروں میں ممکنہ تبدیلی کی ہواوں کے سبب بے چینی پھیلی ہوئی ہے کیونکہ سربراہ کی رخصتی کی صورت میں وہ بھی عتاب کا نشانہ بن سکتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ روز مرہ کے کاموں پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ چیئرمین پی سی بی بہت زیادہ پر امید نہیں ہیں کہ تحریک انصاف کے حکومت سنبھالنے کے بعد انہیں عہدے پر برقرار رہنے دیا جائے گا لیکن بے یقینی کی صورتحال کے باوجود وہ از خود عہدہ چھوڑنے میں پس و پیش کا مظاہرہ کر رہے ہیں جس کی وجہ سے پی سی بی ہیڈ کوارٹرز میں بے یقینی کی فضاءکا راج ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ نجم سیٹھی ایک حالیہ انٹرویو میں واضح کر چکے ہیں کہ پاکستان سپر لیگ اور بورڈ کے کچھ ایسے اہم معاملات وہ دیکھ رہے ہیں جنہیں ابھی چھوڑ کر جانے سے پاکستان کرکٹ کو کافی نقصان ہو سکتا ہے لیکن ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ اگر عمران خان انہیں اس عہدے پر نہیں دیکھنا چاہیں گے تو وہ اسے چھوڑنے میں ایک سیکنڈ بھی نہیں لگائیں گے۔

یاد رہے کہ نجم سیٹھی کو بھی پی سی بی میں سیاسی بنیادوں پر ہی بھرتی کیا گیا تھا اورنئی حکمران جماعت کے مطابق اسپورٹس کے ان تمام عہدوں سے لوگوں کو فارغ کیا جائے گا جن کی تقرری سیاسی بنیادوں پر کی گئی تھی اور اس حوالے سے بعض رہنما اپنے بیانات میں صاف طور پر نجم سیٹھی کو اپنا عہدہ چھوڑنے کا مشورہ بھی دے چکے ہیں۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق بورڈ میں اس وقت بے یقینی کی کیفیت کے باعث بیشتر کام متاثر ہو رہے ہیں کیونکہ کوئی نہیں جانتا کہ آنےوالے وقت میں کیا بڑی تبدیلیاں رونما ہو سکتی ہیں۔
وقت اشاعت : 17/08/2018 - 12:34:27

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :