تیسرا ٹیسٹ، بھارت کا انگلینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں 6 وکٹوں پر 307 رنز بنا کر پر اعتماد آغاز، ویرات کوہلی 97 اور اجنکیا راہانے 81 رنز بنا کر نمایاں، ووکس کی 3 وکٹیں

ہفتہ 18 اگست 2018 23:41

تیسرا ٹیسٹ، بھارت کا انگلینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں 6 وکٹوں پر 307 رنز بنا کر پر اعتماد آغاز، ویرات کوہلی 97 اور اجنکیا راہانے 81 رنز بنا کر نمایاں، ووکس کی 3 وکٹیں
نوٹنگھم۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2018ء) ویرات کوہلی اور اجنکیا راہانے کی شاندار اور ذمہ دارانہ بلے بازی کی بدولت بھارت نے انگلینڈ کے خلاف تیسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 307 رنز بنا کر پر اعتماد آغاز کیا، ریشبھ پانٹ 22 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، 82 رنز پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد کپتان کوہلی اور راہانے نے میدان سنبھالا، دونوں بلے بازوں نے ڈٹ کر انگلش بائولرز کا مقابلہ کیا اور چوتھی وکٹ کی شراکت میں 159 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی، کوہلی 97 اور راہانے 81 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، کرس ووکس نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو نوٹنگھم میں شروع ہونے والے تیسرے ٹیسٹ میچ میں انگلش ٹیم کے کپتان جوروٹ نے ٹاس جیت کر پہلے بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی تو شیکھر دھون اور لوکیش راہول نے ٹیم کو 60 رنز کا آغاز فراہم کیا، یہاں پر ووکس نے دھون کو آئوٹ کر کے ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی، انہوں نے 35 رنز بنائے، ووکس نے اپنے اگلے اوور میں لوکیش راہول کو بھی پویلین بھیج دیا، راہول 23 رنز بنا سکے، چیتشور پوجارا بھارت کے تیسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 14 رنز بنانے کے بعد ووکس کی گیند کا نشانہ بنے، اس موقع پر کپتان ویرات کوہلی اور اجنکیا راہانے انگلش بائولرز کے سامنے ڈٹ گئے، دونوں بلے بازوں نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چوتھی وکٹ میں 159 اہم رنز جوڑ کر ٹیم کا سکور 241 تک پہنچا کر اسے سہارا دیا، یہاں پر سٹورٹ براڈ نے راہانے کو آئوٹ کر کے اہم پارٹنرشپ توڑ دی، راہانے 81 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، 279 کے سکور پر عادل راشد نے کوہلی کو آئوٹ کر کے ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی، کوہلی 97 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، ہرڈک پانڈیا بھارت کے چھٹے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 18 رنز بنانے کے بعد اینڈرسن کی گیند کا شکار بنے، اسطرح پہلے روز جب کھیل ختم ہوا تو بھارت نے پہلی اننگز میں 6 وکٹوں پر 307 رنز بنا لئے تھے، ریشبھ پانٹ 22 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، ووکس نے 3 جبکہ اینڈرسن، براڈ اور عادل راشد نے ایک، ایک وکٹ لی۔

وقت اشاعت : 18/08/2018 - 23:41:40

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :