ایشیا ءکپ میں حفیظ کی شرکت کیلئے بڑی شرط رکھ دی گئی

سابق کپتان کی نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں کیٹیگری اے سے بی میں تنزلی کی گئی تھی جس پر انہیں شدید تحفظات تھے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 20 اگست 2018 13:27

ایشیا ءکپ میں حفیظ کی شرکت کیلئے بڑی شرط رکھ دی گئی
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20اگست 2018 ء) ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں محمد حفیظ کی ٹیم میں سلیکشن کو ان کے رویے سے مشروط کردیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق چیف سلیکٹر انضمام الحق حفیظ کے ساتھ میٹنگ کرنا چاہتے ہیں کہ وہ میڈیا کو خبریں دینے کے بجائے کھیل پر توجہ مرکوز کریں،پی سی بی بھی ان کے رویے سے دلبرداشتہ ہے،محمد حفیظ کو کہا جائے گا وہ ٹیم کا حصہ ہیں اور سوشل میڈیا اور میڈیا میں جاکر سلیکشن کمیٹی اور بورڈ کو متنازع بنانے سے گریز کریں۔

نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں محمد حفیظ کی اے کیٹگری سے بی کیٹگری میں تنزلی کردی گئی تھی جس پر انہیں شدید تحفظات تھے۔جواب میں محمد حفیظ نے سوشل میڈیا پر اپنے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ہمیشہ عزت اور جذبے کے ساتھ پاکستان کے لیے کھیلا ہوں، کبھی پیسے کے لیے نہیں کھیلا، عزت کے ساتھ کھیلنا چاہتا ہوں، ملک کی خدمت کرنا چاہتا ہوں چاہے سی کیٹیگری میں ہوں یا ڈی میں۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ زمبابوے کو ون ڈے سیریز میں پانچ صفر سے شکست دینےوالی پاکستانی کرکٹ ٹیم میں کسی بڑی تبدیلی کا امکان نہیں ہے،اگر عماد وسیم فٹنس ٹیسٹ پاس کر گئے تو انہیں ایک اور آل راﺅنڈر محمد نواز کی جگہ ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔قومی ٹیم 28اگست سے چار دن کےلئے ایبٹ آباد جائےگی جہاں پہاڑی علاقے میں فٹنس کی بہتری کے لیے کیمپ لگایا جائے گا۔

3ستمبر سے لاہور میں 10روزہ باضابطہ فٹنس کیمپ لگایا جائےگا جہاں کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ بھی ہوں گے۔ زمبابوے کی ون ڈے سیریز میں شرکت کرنیوالی 16 رکنی ٹیم میں سے لیگ سپنر یاسر شاہ کو ڈراپ کردیا جائےگا جبکہ عماد وسیم کو شامل کرکے 15 کھلاڑیوں کو ایشیا کپ کے لیے منتخب کیا جائےگا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فاسٹ باﺅلر رومان رئیس کی انجری شدید نوعیت کی ہے اور انہیں ابھی تک پاکستان ٹیم میں آنے میں وقت درکار ہے۔
وقت اشاعت : 20/08/2018 - 13:27:03

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :