نجم سیٹھی کرسی بچانے کےلئے منفی ہتھکنڈے اپنانے لگے

بورڈ میری مرضی سے چلے گا،جسے پسند نہیں وہ چلا جائے:پی سی بی چیئر مین

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 20 اگست 2018 14:33

نجم سیٹھی کرسی بچانے کےلئے منفی ہتھکنڈے اپنانے لگے
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20اگست 2018 ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کے چیئر مین نجم سیٹھی نے اپنی کرسی بچانے کے لیے اب طرح طرح کے ہتھکنڈے اپنانے شروع کردیئے ہیں ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے افسران کے مطابق چیئر مین پی سی بی کی جانب سے گزشتہ 8مہینوں سے ان کے ٹیلی فون ٹیپ کیے جارہے ہیں جب کہ دوسری جانب نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ ان کی چڑیا کے مطابق گھر کے بھیدی ہی ٹانگیں کھینچتے ہیں ،کرکٹ بورڈ میری مرضی سے چلے گا ،کسی کو اعتراض ہے تو گھر چلا جائے ۔

ذرائع کے مطابق اب یہ معاملہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے پیٹرن انچیف وزیر اعظم عمران خان تک بھی پہنچ گیا ہے ۔بورڈ افسران کے مطابق نجم سیٹھی ان کے پرسنل سٹاف سے معلومات اور متعلقہ کمپنیوں سے تفصیلات بھی لی جارہی ہیں،انہوںنے کئی مرتبہ شکایت کی اور گورننگ بورڈ کی میٹنگ میں بھی معاملہ اٹھایا لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔

(جاری ہے)

قومی ٹیم کے سابق کپتان جاوید میانداد نے نجم سیٹھی کے اس اقدام کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اگر انہوں نے ایسا کام کیا ہے تو وہ پاکستان بھر میں کسی بھی عہدے کے اہل نہیں رہے کیوں ان کا یہ کام پاکستان مخالفت کے زمرے میں آتا ہے۔

یا د رہے کہ انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کی کامیابی کے بعد سپورٹس کے میدانوں کو سیاسی اثرورسوخ سے پاک کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے اور پہلے مرحلے میں نجم سیٹھی کوچیئرمین کرکٹ بورڈ کے عہدے سے ہٹایا جا سکتا ہے۔ ان کی تقرری سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کی تھی پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر ریٹائرڈ خالد سجاد کھوکھر کو بھی عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کرلیا ہے، خالد کھوکھر کی تقرری بھی مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما و سابق وزیر داخلہ احسن اقبال کے قریبی رشتہ دار ہونے کی بنیاد پر کی گئی تھی۔

کھیلوں کی مزید تنظیموں اور حکومتی کھیلوں کے اداروں میں سیاسی بنیادوں پر پرکشش عہدے حاصل کرنے والوں کےخلاف بھی آپریشن کلین اپ کیا جائے گا۔پی ایف ایف کے صدر مخدوم فیصل صالح حیات فیفا چارٹر کے تحت منتخب صدر ہیں جبکہ سپریم کورٹ کا فیصلہ بھی ان کے حق میں آ چکا ہے، اس لیے انھیں مستقبل میں بھی کام کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا، 20 کروڑ سے زیادہ ملک کی آبادی کا ملک 1992 ءکے اولمپکس کے بعد میڈل نہیں جیت سکا ہے۔
وقت اشاعت : 20/08/2018 - 14:33:05

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :