پاکستان کا دورہ کیوں کیا؟،انتہا پسند ہندوﺅں نے نوجوت سدھو کے سر کی قیمت مقرر کردی

نوجوت سنگھ سدھو ایک سکھ ہونے کے باوجود گرو گوبند کی وہ تعلیمات بھول گئے ہیں :سنجے جاٹ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 21 اگست 2018 15:02

پاکستان کا دورہ کیوں کیا؟،انتہا پسند ہندوﺅں نے نوجوت سدھو کے سر کی قیمت مقرر کردی
لکھنو(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔21اگست 2018 ء) سابق بھارتی اوپنر نوجوت سنگھ سدھو کے دورہ پاکستان پر انتہا پسند ہندوﺅں کی جانب سے انہیں شدید تنقید کا سامنا ہے تاہم راشٹریہ بجرنگ دل (آگرہ یونٹ) کے صدر سنجے جاٹ نے نوجوت سنگھ سدھو کے سر کی قیمت5لاکھ بھارتی روپے مقرر کردی ہے ۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈ یو میں سنجے جاٹ کو نوجوت سنگھ سدھو کی عمران خان کی وزارت عظمی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کو ملک سے غداری سے تعبیر کیا ہے ،سنجے جاٹ کا کہنا تھا کہ سدھو اس حکومت کی حمایت کررہے ہیں جس کے ہاتھوں پر ہمارے سپاہیوں کا خون ہے ،سنجے جاٹ کا کہنا تھا کہ نوجوت سنگھ سدھو ایک سکھ ہونے کے باوجود گرو گوبند کی وہ تعلیمات بھول گئے ہیں کہ ایک مخصوص مذہب کے لوگو ںپر کسی طور پر بھی اعتماد نہیں کیا جاسکتا ہے ۔

(جاری ہے)

ویڈیو میں انہیں 5لاکھ بھارتی روپے کا ایک چیک بھی تھامے دیکھا جاسکتا ہے جو وہ اس شخص کو دینے کا اعلان کر رہے ہیں جو انہیں نوجوت سنگھ سدھو کا سر لاکر دے گا ۔دوسری جانب آگرہ سرکل آفیسر ایچ کا تھیریا کا حیرت انگیز طور پر اس ویڈیو کے بارے میں کہنا تھا کہ ایسی ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آتی رہتی ہیں اور لوگوں کو ان پر زیادہ توجہ نہیں دینی چاہیئے ،جب ان سے سوال کیا گیا کہ سنجے جاٹ کی جانب سے بھارتی پنجاب کے ایک وزیر کے سر کی قیمت مقرر کرنے پر کوئی مقدمہ درج کیا جائے گا تو انکا کہنا تھا کہ اس حوالے سے کوئی شکایت آئی تو پولیس کارروائی کرے گی ۔

یاد رہے کہ عمران خان نے اپنی وزارت عظمی کی تقریب حلف برداری میں کپل دیو ،سنیل گواسکر اور نوجوت سنگھ سدھو کو آنے کی دعوت دی تھی تاہم کپل دیو اور سنیل گواسکر نے پاکستان آنے سے معذرت کرلی تاہم نوجوت سنگھ سدھو بھارت میں شدید مخالفت کے باوجود پاکستان آئے ۔
وقت اشاعت : 21/08/2018 - 15:02:27

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :