آرمی چیف جنرل قمر باجوہ سے گلے ملنا سدھو کو مہنگا پڑ گیا

عمران خان کی تقریب حلف برداری میں سدھو آرمی چیف قمر جاوید باجوہ سے گلے ملے تھے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 21 اگست 2018 15:53

آرمی چیف جنرل قمر باجوہ سے گلے ملنا سدھو کو مہنگا پڑ گیا
نئی دہلی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔21اگست 2018 ء) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے گلے ملنے پر نوجوت سنگھ سدھو کے خلاف بھارت کی مقامی عدالت میں غداری اور ملکی فوج کی توہین کے الزام میں مقدمہ درج کرایا گیا ہے۔بھارتی میڈیا کےمطابق ایڈوکیٹ سدھیر کمار اوجھا نے چیف جوڈیشل مجسٹریٹ ہری پرساد کی عدالت میں سابق بھارتی کرکٹر اور موجودہ وزیر نوجوت سنگھ سدھو کے خلاف اشتعال انگیزی، غداری اور فوج کی توہین کی الزامات کے تحت مقدمہ درج کرایا ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ نوجوت سنگھ سدھو نے پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو گلے لگایا جب کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوجیوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ سدھو کے اس عمل سے بھارتی عوام اور شہید ہونے والے فوجیوں کے لواحقین صدمے کی کیفیت میں ہیں۔

(جاری ہے)

مجسٹریٹ ہری پرساد نے درخواست کو منظور کرتے ہوئے سماعت کے لیے 24 اگست مقرر کردی ہے۔

مقدمہ بھارتی آئین کی دفعات 500، 124- اے اور 153- بی کے تحت درج کیا گیا ہے جس کی سزا دو سے تین سال کی قید ہو سکتی ہے۔دوسری جانب سنگھ سدھو نے میڈیا سے گفتگو کے دوران اپنا موقف بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماضی میں بھی دونوں ملکوں کی جانب سے امن کی کوششیں کی گئیں، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اچانک لاہور کا دورہ کیا تھاجب کہ نریندر مودی نے حلف برداری کی تقریب میں نواز شریف کو بھارت کے دورے کی دعوت دی تھی۔

سدھو نے کہا پاکستانی حکومت کی جانب سے مجھے دورے کی 10 بار دعوت دی گئی، میں نے بھارتی حکومت کوپاکستان کے دورے کی اجازت کی درخواست دی، بعد ازاں سشما سوراج نے کال کرکے پاکستان کے دورے کی اجازت دینے کی اطلاع دی۔واضح رہے کہ بھارتی کرکٹر سدھو نو منتخب وزیراعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کرنے کے لیے پاکستان آئے تھے جہاں ان کی ملاقات پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر باجوہ سے ہوئی تھی۔عمران خان نے کپل دیو اور سنیل گواسکر کو بھی اس تقریب میں شرکت کی دعوت دی تھی تاہم انہوں نے معذرت کرلی تھی ۔ 
وقت اشاعت : 21/08/2018 - 15:53:00

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :