نوٹنگھم ٹیسٹ، انگلش کھلاڑیوں نے مزاحمت کر کے شکست ایک دن کیلئے ٹال دی، میزبان ٹیم نے دوسری اننگز میں 9 وکٹوں پر 311 رنز بنا لئے، انگلینڈ کو فتح کیلئے مزید 210 رنز اور بھارت کو ایک وکٹ کی ضرورت، جوز بٹلر اور بین سٹوکس کی مزاحمتی بیٹنگ، بٹلر 106 اور سٹوکس 62 رنز بنا کر نمایاں، بمرا کی 5 وکٹیں

بدھ 22 اگست 2018 00:40

نوٹنگھم ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2018ء) نوٹنگھم ٹیسٹ میں انگلینڈ کے کھلاڑیوں نے شکست ایک دن کیلئے ٹال دی، میزبان ٹیم نے چوتھے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی دوسری اننگز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 311 رنز بنا لئے تھے، انگلش ٹیم کو فتح کیلئے مزید 210 رنز اور بھارت کو ایک وکٹ کی ضرورت ہے، عادل راشد 30 اور جیمز اینڈرسن 8 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، 62 رنز پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد جوز بٹلر اور بین سٹوکس نے حریف بائولرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور پانچویں وکٹ کی شراکت میں 169 رنز کی قیمتی شراکت جوڑ کر ٹیم کو بدترین شکست سے بچا لیا، بٹلر نے کیریئر کی پہلی سنچری بھی مکمل کی اور 106 رنز بنا کر نمایاں رہے، سٹوکس 62 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، بمرا نے 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

(جاری ہے)

منگل کو نوٹنگھم ٹیسٹ کے چوتھے روز انگلش ٹیم نے 23 رنز بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر دوسری ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو ایلسٹرکک 9 اور کیٹن جیننگز 13 رنز پر کھیل رہے تھے، دن کے پہلے ہی اوور میں ایشانت شرما نے جیننگز کو آئوٹ کر کے ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی، جیننگز 13 رنز بنا سکے، شرما نے اپنے اگلے اوور میں کک کو آئوٹ کر کے ٹیم کو اہم کامیابی دلائی، کک 17 رنز بنا کر چلتے بنے، 62 کے مجموعی سکور پر کپتان جوروٹ 13 رنز بنانے کے بعد بمرا کی گیند کا نشانہ بنے، اگلے اوور میں محمد شامی نے اولی پوپ کو آئوٹ کر کے ٹیم کو چوتھی کامیابی دلائی، پوپ نے 16 رنز بنائے، اس موقع پر جوز بٹلر اور بین سٹوکس بھارتی بائولرز کے سامنے جم گئے، دونوں نے کافی مزاحمت کی اور پانچویں وکٹ کی شراکت میں 169 رنز بنا کر ٹیم کا سکور 231 تک پہنچا دیا، بٹلر نے ڈٹ کر حریف بائولرز کا مقابلہ کیا اور شاندار سنچری سکور کی، یہ پارٹنرشپ بھارت کیلئے خطرہ بنتی جا رہی تھی کہ یہاں پر بمرا نے بٹلر کو آئوٹ کر کے ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی، بٹلر 106 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے، اگلی ہی گیند پر بمرا نے جونی بیئرسٹو کو آئوٹ کر کے میچ کا پانسہ پلٹ دیا، بیئرسٹو بغیر کوئی رن بنائے چلتے بنے، 241 کے سکور پر انگلینڈ کی ساتویں وکٹ گری جب کرس ووکس 4 رنز بنانے کے بعد بمرا کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، اگلے اوور میں انگلینڈ کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب سٹوکس 62 رنز بنا کر پانڈیا کی گیند کا شکار بنے، اس کے بعد عادل راشد اور سٹورٹ براڈ نے مزاحمت کرنے کی کوشش کی لیکن 291 کے سکور پر بمرا نے براڈ کو آئوٹ کر دیا، براڈ نے 20 رنز بنائے، اس کے بعد راشد اور جیمز اینڈرسن نے مزید کوئی نقصان نہ ہونے دیا اور شکست ایک دن کیلئے ٹال دی، اسطرح چوتھے روز جب کھیل ختم ہوا تو انگلینڈ نے 9 وکٹوں پر 311 رنز بنا لئے تھے، میزبان ٹیم کو فتح کیلئے مزید 210 رنز اور مہمان بھارت کو ایک وکٹ درکار ہے، راشد 30 اور اینڈرسن 8 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، بمرا نے 5، ایشانت شرما نے 2 جبکہ محمد شامی اور پانڈیا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

وقت اشاعت : 22/08/2018 - 00:40:38

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :