ایشیا کپ ،بنگلہ دیشی ٹیم کااعلان ، صابر اور انعام سکواڈ سے باہر

انگلی کی انجری کا شکار شکیب الحسن کو اسکواڈ میں منتخب نہ کرنے کی تجویز مسترد بنگلہ دیش کی ٹیم ایشیا کپ کے گروپ بی میں موجود ہے ، اسے افغانستان اور سری لنکا کا چیلنج درپیش ہو گا

جمعہ 31 اگست 2018 21:56

ایشیا کپ ،بنگلہ دیشی ٹیم کااعلان ، صابر اور انعام سکواڈ سے باہر
ڈھاکہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 اگست2018ء) بنگلہ دیش نے آئندہ ماہ شیڈول ایشیا کپ کیلئے اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے جس میں سے صابر رحمان اور انعام الحق کو ڈراپ کردیا گیا ہے۔گزشتہ ماہ ویسٹ انڈیز کے خلاف تین میچوں کی ون ڈے سیریز میں بنگلہ دیشی ٹیم تو فتح حاصل کرنے میں کامیاب رہی تاہم اس سیریز میں صابر اور انعام کی کارکردگی بہت واجبی رہی جس کے سبب انہیں ایشیا کپ کے اسکواڈ سے ڈراپ کردیا گیا۔

تماشائی کو تشدد کا نشانہ بنانے پر 6ماہ پابندی کا سامنا کرنے والے صابر رحمان سیریز میں صرف 27رنز بنا سکے تھے جبکہ انعام الحق بھی صرف 33رنز اسکور کر سکے تھے۔۔بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کے سربراہ منہاج العابدین نے کہا کہ صابر کی فارم بہت خراب تھی جس کی وجہ سے انہیں اسکواڈ میں برقرار رکھنا مشکل تھا، انہیں منتخب نہ کرنے کا ڈسپلن کے معاملات سے کوئی تعلق نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم نے انعام الحق کو اس لیے ڈراپ کیا کیونکہ وہ بھی ویسٹ انڈیز میں ہماری توقعات پر پورا نہیں اتر سکے۔ان دونوں کھلاڑیوں کی جگہ آل راؤنڈر عارف الحق اور وکٹ کیپر محمد متھن کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔انگلی کی انجری کا شکار شکیب الحسن کو اسکواڈ میں منتخب نہ کرنے کی تجویز دی گئی تھی کیونکہ ان کی انجری کے سبب ایونٹ میں شرکت کے امکانات بہت معدوم ہیں لیکن اس کے باوجود انہیں اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

بنگلہ دیش کی ٹیم ایشیا کپ کے گروپ بی میں موجود ہے جہاں اسے افغانستان اور سری لنکا کا چیلنج درپیش ہو گا۔15 سے 28ستمبر تک منعقد ہونے والے ایونٹ کے دوسرے گروپ میں دفاعی چمپئن بھارت،، پاکستان اور کوالیفائر موجود ہیں۔ایشیا کپ کیلئے بنگلہ دیشی اسکواڈ میں مشرفی مرتضیٰ(کپتان)، شکیب الحسن، تمیم اقبال، محمد متھن، مٹن کمار، مشفیق الرحیم، عارف الحق، محمداللہ ریاض،، مصدق حسین، نظم الحسین، مہدی حسن، نظم الاسلام، روبیل حسین، مستفیض الرحمان اور ابو حیدر شامل ہیں۔۔
وقت اشاعت : 31/08/2018 - 21:56:50

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :