ایشیا ءکپ کےلئے قومی ٹیم کا اعلان ، مایہ ناز کھلاڑی کو ڈراپ کردیا گیا

ٹاپ آرڈر بلے باز کی حیران کن طور پر ٹیم میں واپسی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل ستمبر 16:10

ایشیا ءکپ کےلئے قومی ٹیم کا اعلان ، مایہ ناز کھلاڑی کو ڈراپ کردیا گیا
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔4 ستمبر 2018 ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایشیاءکپ 2018ءکے لیے 16رکنی قومی سکواڈ کا اعلان کردیا ، آل راﺅنڈرعماد وسیم فٹنس ٹیسٹ پاس نہ کرپانے کے سبب ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام رہے جب کہ ان فارم اوپنر شان مسعود کو سابق کپتان محمد حفیظ کی جگہ ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے ۔قذافی سٹیڈیم ،لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے سکواڈ کا اعلان کیا ،اعلان کردہ سکواڈ میں سرفراز احمد (کپتان ووکٹ کیپر)،فخر زمان ، حسن علی ،امام الحق ، شعیب ملک ، بابر اعظم ، شاداب خان ، عثمان خان شنواری ، شاہین شاہ آفریدی ، محمد عامر ،شان مسعود ، حارث سہیل، محمد نواز ، فہیم اشرف اور جنید خان شامل ہیں ۔

ایشیاءکپ کرکٹ ٹورنامنٹ 15 سے 28 ستمبر تک متحد ہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا جس میں پہلی مرتبہ چھ ٹیمیں ایکشن میں دکھائی دیں گی، پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان نے براہ راست ایونٹ میں جگہ بنائی تھی جبکہ ہانگ کانگ، ملائیشیا، نیپال، اومان، سنگاپور اور متحدہ عرب امارات میں سے کوئی ایک ٹیم کوالیفائنگ مرحلہ عبور کر کے ایونٹ تک رسائی حاصل کرے گی۔

(جاری ہے)

ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، پاکستان، بھارت اور کوالیفائر ٹیم کو گروپ اے، بنگلہ دیش، سری لنکا اور افغانستان کو گروپ بی میں رکھا گیا ہے، ہر گروپ سے دو ٹیمیں سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کریں گی جہاں پر چاروں ٹیمیں آپس میں مدمقابل ہوں گی اور دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل کھیلا جائے گا۔ 15 ستمبر کو افتتاحی میچ میں سری لنکا کا مقابلہ بنگلہ دیش سے ہو گا، پاکستانی ٹیم 16 ستمبر کو کوالیفائر ٹیم کے خلاف مہم کا آغاز کرے گی، گرین شرٹس 19 ستمبر کو روایتی حریف بھارت کے آمنے سامنے ہوں گے، سپر فور مرحلے کے میچز 21 سے 26 ستمبر تک کھیلے جائیں گے، دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 28 ستمبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

وقت اشاعت : 04/09/2018 - 16:10:59

Your Thoughts and Comments