ٹیسٹ کرکٹرمحمد حفیظ نے اپنے انٹر نیشنل کیریئر کے حوالے سے انتہائی اہم اعلان

ریٹائر منٹ کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ،پرفارم کرکے کم بیک کرنیکی کوشش کروں گا: سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 5 ستمبر 2018 16:33

ٹیسٹ کرکٹرمحمد حفیظ نے اپنے انٹر نیشنل کیریئر کے حوالے سے انتہائی اہم اعلان
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔5ستمبر 2018 ء) گزشتہ کئی ماہ سے قومی ٹیم سے نظر انداز کیے جانے والے ٹیسٹ کرکٹرمحمد حفیظ نے اپنے انٹر نیشنل کیریئر کے حوالے سے انتہائی اہم اعلان کردیا ،کہتے ہیں کہ ریٹائرمنٹ کی خبروں میں کوئی سچائی نہیں ہے ، پرفارم کرکے ٹیم میں واپسی کی کوشش کروں گا ۔ تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے گزشتہ روز ایشیاءکپ کے لیے 16رکنی سکواڈ کا اعلان کیا تاہم حیرت انگیز طور پر 37سالہ محمد حفیظ کی جگہ شان مسعود کو سکواڈمیں شامل کیا گیا جس پر سابق ٹی ٹونٹی کپتان انتہائی خفا تھے اور آج دوپہر 3بجے پریس کانفرنس میں اہم انکشاف کرنےوالے تھے تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق ٹی ٹونٹی کپتان کو منا لیا اور اعلی بورڈ حکام نے 37سالہ آل راﺅنڈرکو کسی بھی قسم کی بیان بازی سے روک دیا جب کہ انہیں تحفظات دورکرنےکی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے۔

(جاری ہے)

پی سی بی حکام سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ کچھ دنوں سے ان کے کیرئیر کے حوالے سے گردش کر ہی تھی جو حقیقت پر مبنی نہیں ہیں،وہ ہمیشہ پاکستان کرکٹ کے لئے دستیاب رہیں گے اور قائداعظم ٹرافی میں اچھی پرفارمنس دے کر ٹیم میں واپس آنے کی کوشش کریں گے ۔ محمد حفیظ کا مزید کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ جتنی کرکٹ کھیلیں عزت کے ساتھ کھیلیں۔

یاد رہے کہ محمد حفیظ نے ایشیا کپ کےلئے قومی ٹیم سے باہر کیے جانے پر بورڈ سربراہ کو شکایتی خط لکھا جس میں انکا کہنا ہے کہ ٹیم انتظامیہ اور سلیکشن کمیٹی اچھی کارکردگی کے باوجود جان بوجھ کر نظر انداز کررہی ہے۔چیئرمین پی سی بی کے نام خط میں محمد حفیظ نے موقف اپنایا ہے کہ انہیں سمجھ نہیں آرہی کہ اس طرح کا رویہ ایک سینئر کرکٹر کےساتھ کیوں رکھا جارہاہے، اگر نہیں کھلانا تو پھر واضح طور پر بتادیا جائے تاکہ عزت کےساتھ الگ ہوجاﺅں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو لکھے گئے خط میں گلے شکوے کرنےوالے محمد حفیظ کا نام ایشیا کپ کے لیے اعلان کردہ ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا، وہ اس بات پر ناراض ہیں کہ پہلے انہیں زمبابوے ٹور کا حصہ نہیں بنایا گیا، اب ایشیا کپ جیسے اہم ایونٹ سے بھی باہر کردیا گیا ہے۔محمد حفیظ اس سے پہلے سینٹرل کنٹریکٹ میں اے سے بی کیٹگری میں تنزلی پر بھی اپنے غصے کا اظہار کرچکے ہیں۔
وقت اشاعت : 05/09/2018 - 16:33:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :