ایشیا ءکپ ، قومی کیمپ میں بلے بازوں اور باﺅلرز کو نئے ہتھیاروں سے لیس کیے جانے کا سلسلہ جاری

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 7 ستمبر 2018 12:33

ایشیا ءکپ ، قومی کیمپ میں بلے بازوں اور باﺅلرز کو نئے ہتھیاروں سے لیس کیے جانے کا سلسلہ جاری
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔7ستمبر 2018 ء) ایشیاءکپ کی تیاری کے لیے کیمپ میں پاورہٹنگ کی بھرپور مشقوں کا سلسلہ جاری رہا۔ایشیاءکپ کی تیاری کے لیے لاہور میں لگائے جانے والے تربیتی کیمپ میں قومی کرکٹرز کی بھرپور مشقیں گزشتہ روز بھی جاری رہیں،ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے نیٹ پر باﺅلنگ اور بیٹنگ کے بجائے تمام کھلاڑیوں کے ساتھ باری باری انفرادی سیشن کرنے کا فیصلہ کیا۔

سخت گرم موسم میں بیٹسمین ایک ایک کرکے باﺅلنگ مشین سے پھینکی جانے والی تیز گیندوں کا سامنا کرنے کے لیے آئے، کریز پر آنےوالوں کو مختلف لائن پر پھینکی جانے والی گیندوں پر پاور ہٹنگ کے لیے کہا جاتا،ایکسٹرا کوور اور فائن لیگ پر سٹروکس کھیلنے کا سلسلہ جاری رہا،ہیڈ کوچ کمزور شاٹ پر اصلاح اور بیٹ کی گرفت بہتر بنانے کے لیے مشورے اور اچھی کوشش پر دل کھول کر داد بھی دیتے رہے۔

(جاری ہے)

قومی ٹیم کے اوپنرز فخر زمان، امام الحق اور شان مسعود کے بعد بابر اعظم نے بھی طویل سیشن کیا،بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور نے شعیب ملک سمیت مڈل آرڈر میں شامل بیٹسمینوں کو مشق کرائی،کسی بھی کھلاڑی نے باﺅلر کی گیند کا سامنا نہیں کیا بلکہ مشین کے ساتھ مخصوص زاویے سے پھینکی گئی گیندوں پر موزوں سٹروکس کھیلے۔دوسری جانب باﺅلرز نے بھی خالی وکٹ پر اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے پسینہ بہایا،محمد عامر، جنید خان اور عثمان شنواری کے بعد حسن علی، شاہین آفریدی اور فہیم اشرف ایکشن میں نظر آئے۔

باﺅلنگ کوچ اظہر محمود باﺅلر کے کریز پر پہنچنے سے قبل اچانک ورائٹی بتا دیتے،اگر یارکر کہتے تو باﺅلر اسی قسم کی گیند پھینکنے کی کوشش کرتا،کبھی باﺅلنگ کوچ شارٹ پکار دیتے تو گیند باز اس پر عمل کرتا،تسلسل کے ساتھ یارکرز کرائے گئے، دوسرے سیشن میں حسن علی، شاہین آفریدی اور فہیم اشرف اظہر محمود کی توجہ کا مرکز بنے، شاداب خان بھی اسپن کا جادوجگانے کی کوشش کرتے نظر آئے۔اظہر محمود نے تمام باﺅ لرز کی نوبالز کو بھی بڑے غور سے چیک کیا اور ذرا سا بھی قدم باہر نکلنے پر وہ وارننگ دیتے رہے، کھلاڑیوں نے فٹنس ڈرلز کے ساتھ فیلڈنگ میں صلاحیتیں نکھارنے کا سلسلہ بھی جاری رکھا،آج بھی معمول کے مطابق نیٹ پریکٹس ہوگی۔
وقت اشاعت : 07/09/2018 - 12:33:43

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :