پاک بھارت میچ میں پرفارم کرنیوالا ہیرو بن جاتا ہے :شعیب ملک

جب سلیکٹر بنوں گا تب سلیکشن کے معاملات پر بات کرونگا:سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 7 ستمبر 2018 12:55

پاک بھارت میچ میں پرفارم کرنیوالا ہیرو بن جاتا ہے :شعیب ملک
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔7ستمبر 2018 ء) قومی ٹیم کے سابق کپتان اور آل راﺅنڈر شعیب ملک کہتے ہیں کہ جب سلیکٹر بنوں گا تب سلیکشن کے معاملات پر بات کرسکتا ہوں۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شعیب ملک نے مزید کہا کہ بھارت کے ساتھ سیریز نہیں ہوتیں اس لیے میچ بہت اہمیت اختیار کر جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جب میچ کم ہوتے ہیں تو ایک میچ بھی بڑا ہو جاتا ہے اور اس میں پرفارم کرنے والا ہیرو بن جاتا ہے ، میڈیا کو چاہیے کہ اس بات کی ضرورت کو اجاگر کریں کہ دونوں ممالک کے درمیان میچ زیادہ ہونے چاہئیں۔

شعیب ملک نے کہا کہ کوشش کی ہے کہ یو اے ای کی کنڈیشنز کے مطابق ٹریننگ کریں ،عزت اللہ دیتا ہے، انسان کی نیت صاف ہونی چاہیے، بھارت کے ساتھ میچ کھلاڑیوں کے لیے ایک بہت بڑا موقع ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ ایشیاءکپ کرکٹ ٹورنامنٹ 15 سے 28 ستمبر تک متحد ہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا جس میں پہلی مرتبہ چھ ٹیمیں ایکشن میں دکھائی دیں گی، پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان نے براہ راست ایونٹ میں جگہ بنائی تھی جب کہ ہانگ کانگ، ملائیشیا، نیپال، اومان، سنگاپور اور متحدہ عرب امارات کے درمیان کوالیفائنگ راﺅنڈ کھیلا گیا تھا جس میں کامیابی حاصل کرکے ہانگ کانگ نے ایونٹ تک رسائی حاصل کی۔

ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، پاکستان، بھارت اورہانگ کانگ کو گروپ اے، بنگلہ دیش، سری لنکا اور افغانستان کو گروپ بی میں رکھا گیا ہے، ہر گروپ سے دو ٹیمیں سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کریں گی جہاں پر چاروں ٹیمیں آپس میں مدمقابل ہوں گی اور دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل کھیلا جائے گا۔ 15 ستمبر کو افتتاحی میچ میں سری لنکا کا مقابلہ بنگلہ دیش سے ہو گا، پاکستانی ٹیم 16 ستمبر کوہانگ کانگ کے خلاف مہم کا آغاز کرے گی، گرین شرٹس 19 ستمبر کو روایتی حریف بھارت کے آمنے سامنے ہوں گے، سپر فور مرحلے کے میچز 21 سے 26 ستمبر تک کھیلے جائیں گے، دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 28 ستمبر کو دبئی میں کھیلا جائےگا۔
وقت اشاعت : 07/09/2018 - 12:55:31

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :