اے بی ڈیویلیئرز پاکستان سپر لیگ کا حصہ بن گئے

مسٹر 360پاکستان سپر لیگ میں 7میچز کھیلیں گے : ذرائع کا دعوی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 7 ستمبر 2018 15:21

اے بی ڈیویلیئرز پاکستان سپر لیگ کا حصہ بن گئے
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔7ستمبر 2018 ء) جنوبی افریقا کے سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز اے بی ڈویلیئر نے بھی پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا حصہ بننے کا اعلان کردیاہے ۔تفصیلات کے مطابق ہر گزرتے برس کے بعد پاکستان سپر لیگ کی مقبولیت میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور دنیائے کرکٹ کے بڑے بڑے ستارے اس کہکشاں میں شامل ہوتے جا رہے ہیں۔

گزشتہ کئی روز سے سوشل میڈیا پر اس قسم کی خبریں زیر گردش تھیں کہ جنوبی افریقا کے سابق کپتان اے بی ڈویلیئرز پی ایس ایل فور کھیلیں گے اور اب پی ایس ایل کے آفیشل ٹوئٹر اکاﺅنٹ پر اے بی ڈیویلیئرز نے پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن میں شرکت کا اعلان کردیا ہے ۔ اپنے ویڈیو پیغام میں اے بی ڈیویلیئرز کا کہنا تھا کہ” پاکستان سپر لیگ اب دنیا کی بڑی لیگز میں سے ایک بن گئی ہے اور اس نے پاکستانی عوام کو تفریح کا موقع فراہم کیا ہے،میں نے ٹی وی پر پاکستان سپر لیگ کے کئی میچز دیکھے ہیں تاہم 2019ءمیں یہ سب بدلنے جارہا ہے کیوں کہ میں بھی اب پاکستان سپر لیگ کا حصہ بنوں گا ،میں مزید انتظار نہیں کرسکتا اور آپ سے وہاں ملاقات ہوگی،”آپ کا شکریہ“۔

(جاری ہے)

پی ایس ایل سے جڑے ایک ذرائع نے میڈیاکو بتایا ہے کہ اے بی ڈویلیئرز تقریباً 3 ہفتوں کےلئے دستیاب ہوں گے جس کا مطلب یہ کہ 34سالہ سٹار بلے باز ایونٹ میں 7 میچز کھیلیں گے۔ہمہ جہت خصوصیات کے مالک ڈیویلیئرز انٹرنیشنل کرکٹ میں شاندار کارکردگی اور ملنسار طبیعت کے سبب بے حد زیادہ پسند کیے جاتے ہیں۔یاد رہے کہ اے بی ڈویلیئرز نے تمام طرز کی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرکے دنیا ئے کرکٹ کو حیران کر دیا تھا۔

اے بی ڈی ویلیئرز کے پاس ایک روزہ کرکٹ میں تیز ترین سنچری بنانےکا اعزاز ہے اور یہ کارنامہ انہوں نے جوہانسبرگ میں ویسٹ انڈیز کےخلاف جنوری 2015 ءمیں انجام دیا۔ون ڈے کرکٹ میں دوسری تیز ترین سنچری بنانےکا ریکارڈ نیوزی لینڈ کے کورے اینڈرسن اور تیسری تیز ترین سنچری کا ریکارڈ پاکستان کے شاہد آفریدی کے پاس ہے۔ڈیویلیئرز ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین نصف سنچری (16بالز) اور تیز ترین 150رنز (64بالز) بنانےوالے بلے باز بھی ہیں۔ڈیویلیئرز نے جنوبی افریقہ کے لیے 114ٹیسٹ میچز میں 22سنچریوں کی مدد اور50.66کی اوسط سے 8765 رنز، 228ون ڈے میچز میں53.50کی اوسط اور25سنچریوں کی مدد سے9577رنز اور78ٹی ٹونٹی مقابلوں میں 10نصف سنچریوں کی مدد سے 1672رنز سکور کیے۔ 
وقت اشاعت : 07/09/2018 - 15:21:13

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :