اے بی ڈی ویلیئرز پی ایس ایل میں کتنے میچز کھیلیں گے ؟ تفصیلات سامنے آگئیں

پلاٹینیم کیٹیگری میں فرنچائززکے پاس 2 لاکھ 50 ہزار ڈالر کا ہی بجٹ موجود

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 11 ستمبر 2018 13:00

اے بی ڈی ویلیئرز پی ایس ایل میں کتنے میچز کھیلیں گے ؟ تفصیلات سامنے آگئیں
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔11ستمبر2018ء) اے بی ڈی ویلیئرز پی ایس ایل کے7 میچز کے لیے دستیاب ہوں گے۔پی سی بی نے گزشتہ دنوں اعلان کیا تھا کہ سابق جنوبی افریقی سٹار اے بی ڈی ویلیئرز بھی پی ایس ایل فور کے لیے دستیاب ہوں گے، ذرائع کے مطابق انھوں نے 7میچز میں شرکت پر آمادگی ظاہر کردی جس کے لیے2 لاکھ 20 ہزار ڈالر کی بات ہوئی ہے، یوں انھیں فی میچ 31 ہزار 500 ڈالر معاوضہ ملے گا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ فرنچائززکے پاس سب سے بڑی کیٹیگری پلاٹینیم کے کھلاڑی کا زیادہ سے زیادہ بجٹ2 لاکھ 50 ہزار ڈالر ہے۔ وہ 10 میچز کے لیے دستیاب اور فی میچ معاوضہ 25 ہزار ڈالر بنتا ہے، مگر ڈی ویلیئرز کے معاملے میں یہ رقم بڑھ جائے گی، اسی کے ساتھ جس ٹیم نے ڈی ویلیئرز کو 2 لاکھ 20 ہزار ڈالر میں خریدا اس کے پاس بجٹ میں30 ہزار ڈالر ہی بچیں گے، اتنی رقم میں کوئی بڑا پلیئر نہیں ملے گا، البتہ وہ سپلیمینٹری کیٹیگری سے کسی کو لے سکیںگے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق لیگ کو کامیاب بنانے کے لیے پی سی بی نے ڈی ویلیئرز کو منہ مانگی رقم کی پیشکش کر دی مگر دیگر عوامل کا خیال نہیں رکھا، اب اگر کسی فرنچائز کو بجٹ بڑھانے کی اجازت دی تو وہ قوانین کی خلاف ورزی ہوگی، دوسری صورت ان سے معاہدہ کرنے والی ٹیم کو مشکل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ہمہ جہت خصوصیات کے مالک ڈیویلیئرز انٹرنیشنل کرکٹ میں شاندار کارکردگی اور ملنسار طبیعت کے سبب بے حد زیادہ پسند کیے جاتے ہیں۔

یاد رہے کہ اے بی ڈویلیئرز نے تمام طرز کی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرکے دنیا ئے کرکٹ کو حیران کر دیا تھا۔ اے بی ڈی ویلیئرز کے پاس ایک روزہ کرکٹ میں تیز ترین سنچری بنانےکا اعزاز ہے اور یہ کارنامہ انہوں نے جوہانسبرگ میں ویسٹ انڈیز کےخلاف جنوری 2015 ءمیں انجام دیا۔ون ڈے کرکٹ میں دوسری تیز ترین سنچری بنانےکا ریکارڈ نیوزی لینڈ کے کورے اینڈرسن اور تیسری تیز ترین سنچری کا ریکارڈ پاکستان کے شاہد آفریدی کے پاس ہے۔

ڈیویلیئرز ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین نصف سنچری (16بالز) اور تیز ترین 150رنز (64بالز) بنانےوالے بلے باز بھی ہیں۔ڈیویلیئرز نے جنوبی افریقہ کے لیے 114ٹیسٹ میچز میں 22سنچریوں کی مدد اور50.66کی اوسط سے 8765 رنز، 228ون ڈے میچز میں53.50کی اوسط اور25سنچریوں کی مدد سے9577رنز اور78ٹی ٹونٹی مقابلوں میں 10نصف سنچریوں کی مدد سے 1672رنز سکور کیے۔ 
وقت اشاعت : 11/09/2018 - 13:00:56

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :