آئی سی سی نے نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کردی،بھارتی ٹیم کو بڑا نقصان

پاکستان کی سا تویں پوزیشن برقرار

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 12 ستمبر 2018 13:23

آئی سی سی نے نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کردی،بھارتی ٹیم کو بڑا نقصان
دبئی (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12ستمبر2018ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کر دی ہے جس کے مطابق بھارت پہلے جبکہ پاکستان کی سا تویں پوزیشن برقرار ہے۔ انگلینڈ کے ہاتھوں بھارت کوشرمناک شکست کے بعد آئی سی سی نے نئی ٹیسٹ رینکنگ جار ی کر دی جس کے مطابق ٹاپ 10 ٹیموں میں بھارت 115 پوائنٹس کے ساتھ پہلے ساو¿تھ افریقہ اور آسٹریلیا 106 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے تیسرے جبکہ سیریز جیتنے کے بعد انگلینڈ نے نیوزی لینڈ سے چوتھی پوزیشن چھین لی،انگلینڈ 105 کے ساتھ چوتھے جبکہ102 پوائنٹس کے ساتھ نیوزی لینڈ پانچویں نمبر پر موجود ہے۔

سری لنکن ٹیم 97 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے جبکہ پاکستان ٹیم 88 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں پوزیشن پر ہے،ویسٹ انڈیز 77 ،بنگلہ دیش67 جبکہ زمبابوے 2 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب آٹھویں،نویں اور دسویں نمبر پر موجود ہیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ ویرات کوہلی الیون نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کا آغاز125پوائنٹس کے ساتھ کیا تھا اور 4-1سے شکست کے بعد اب بھارتی ٹیم کے10پوائنٹس کم ہوگئے ہیں ۔

یاد رہے کہ انگلینڈ نے بھارت کو پانچویں اور آخری ٹیسٹ میں 118 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-4 سے اپنے نام کرلی۔لندن کے دی اوول سٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور انگلینڈ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 332 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئی۔جوس بٹلر 89 رنز کے ساتھ اننگز کے ٹاپ سکورر رہے جبکہ ایلسٹر کک نے 71 رنز بنائے۔

انڈیا کی جانب سے رویندرا جدیجا نے چار جب کہ جسپریت بمرا اور ایشانت شرما نے تین، تین کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا،جواب میں بھارت کی بیٹنگ ابتدا میں مشکلات کا شکار رہی تاہم جدیجا کی شاندار بیٹنگ نے انڈیا کو 292 رنز تک پہنچادیا یوں انگلینڈ کو پہلی اننگز میں 40 رنز کی سبقت ملی۔دوسری اننگز میں انگلینڈ کی جانب سے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا گیا، اپنا آخری ٹیسٹ کھیلنے والے ایلسٹر کک نے شاندار سنچری سکور کرتے ہوئے 147 رنز سکور کیے جبکہ کپتان جو روٹ نے بھی 125 رنز بنائے،یوں بھارت کو 464 رنز کا ہدف ملا۔

ہدف کے تعاقب میں بھارت کا آغاز انتہائی مایوس کن تھا، صرف دو رنز پر کپتان ویرات کوہلی سمیت اس کے تین کھلاڑی آﺅٹ ہوچکے تھے۔اس موقع پر کے ایل راہول اور اجنکیا راہانے کے درمیان 100 سے زائد رنز کی پارٹنرشپ نے بھارت کی پوزیشن کچھ بہتر کی۔رہانے اور ویہاڑی کے آﺅٹ ہونے کے بعد بھارت کی پوزیشن ایک مرتبہ پھر خراب ہوگئی اور 121 رنز پر اس کی نصف ٹیم آﺅٹ ہوچکی تھی۔

راہول اور رشبھ پانٹ کے درمیان 204 رنز کی شراکت نے بھارت کی میچ جیتنے کی امیدیں ایک مرتبہ پھر جگادیں،دونوں کھلاڑیوں نے شاندار سنچریاں سکور کیںتاہم دونوں کے آﺅٹ ہونے کے بعد بھارت کے آنےوالے بلے باز انگلینڈ کے بولرز کا مقابلہ نہ کرپائے اور یوں بھارت کو میچ میں 118 رنز سے شکست ہوئی۔شاندار اننگز کھیلنے والے ایلسٹر کک کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
وقت اشاعت : 12/09/2018 - 13:23:26

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :