انضمام الحق کی کون سی عادت اپنائی ہوئی ہے ، امام الحق نے بتا دیا

چیف سلیکٹر کا رشتہ دار ہونے کا کوئی دباﺅنہیں لیتا:امام الحق

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 14 ستمبر 2018 14:59

انضمام الحق کی کون سی عادت اپنائی ہوئی ہے ، امام الحق نے بتا دیا
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14ستمبر2018ء) قومی ٹیم کے اوپنرامام الحق کا کہنا ہے کہ انضمام الحق کا بھتیجا ہونا میرا قصور نہیں، میں نے میڈیا کا سامنا کرنا سیکھ لیا ہے۔دبئی میں بات چیت کے دوران امام الحق نے کہا کہ میں چیف سلیکٹر کا رشتہ دار ہونے کا کوئی دباﺅ نہیں لیتا، چچا مجھ سے کرکٹ کے حوالے سے زیادہ بات نہیں کرتے، کوچنگ اسٹاف، شعیب ملک، محمد حفیظ اور سرفراز احمد خاصی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔

امام الحق نے کہا کہ پاکستان کا میڈیا ایسا ہے کہ ہمیں بہت سی باتوں کو برداشت کرنا پڑتا ہے،خوش قسمتی سے میری فیملی اور آس پاس موجود رہنے والے لوگ بھرپور سپورٹ کرتے ہیں جس کی وجہ سے کوئی مشکل پیش نہیں آتی،میرے پاس بیٹ اورکارکردگی دکھانے کیلئے میدان ہے،ابھی تک 9ون ڈے میچز میں 4سنچریاں سکور کرچکا ہوں۔

(جاری ہے)

چچا انضمام الحق کی طرح سونے کی عادت کے سوال پر انھوں نے کہا کہ میں بھی سونا پسند کرتا ہوں۔

یاد رہے کہ ایشیا ءکپ کرکٹ ٹورنامنٹ 15 سے 28 ستمبر تک محدہ عرب امارات میں کھیلا جائےگا جس میں پہلی مرتبہ چھ ٹیمیں ایکشن میں دکھائی دیں گی، پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان نے براہ راست ایونٹ میں جگہ بنائی تھی اور اب انکے بعد ہانگ کانگ، ملائیشیا، نیپال، اومان، سنگاپور اور متحدہ عرب امارات میں سے ہانگ کانگ کی ٹیم کوالیفائنگ مرحلہ عبور کر کے ایونٹ تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ۔

ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، پاکستان، بھارت اور ہانگ کانگ کو گروپ اے، بنگلہ دیش، سری لنکا اور افغانستان کو گروپ بی میں رکھا گیا ہے، ہر گروپ سے دو ٹیمیں سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کریں گی جہاں پر چاروں ٹیمیں آپس میں مدمقابل ہوں گی اور دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل کھیلا جائے گا۔ 15 ستمبر کو افتتاحی میچ میں سری لنکا کا مقابلہ بنگلہ دیش سے ہو گا، پاکستانی ٹیم 16 ستمبر کو ہانگ کانگ ٹیم کےخلاف مہم کا آغاز کرےگی، گرین شرٹس 19 ستمبر کو روایتی حریف بھارت کے آمنے سامنے ہوں گے، سپر 4مرحلے کے میچز 21 سے 26 ستمبر تک کھیلے جائیں گے، دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 28 ستمبر کو دبئی میں کھیلا جائےگا۔ ایونٹ کے تمام میچز ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے۔
وقت اشاعت : 14/09/2018 - 14:59:11

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :