پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے وفد کا فیفا ہائوس گول پراجیکٹ کے تحت ایبٹ آباد کا دورہ

ایبٹ آباد موسم کے لحاظ سے آئیڈل جگہ ہے، یہاں فٹ بال کے زیادہ ایونٹ منعقد کئے جائیں گے، پی ایف ایف

ہفتہ 15 ستمبر 2018 15:03

پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے وفد کا فیفا ہائوس گول پراجیکٹ کے تحت ایبٹ آباد کا دورہ
ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2018ء) پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے وفد نے فیفا ہائوس گول پراجیکٹ کے تحت ایبٹ آباد کا دورہ کیا۔ دورہ میں سیکرٹری پی ایف ایف احمد یار لودھی، نائب صدر پی ایف ایف سردار نوید حیدر، نائب صدر خیبر پختونخوا سعید خان اور ڈی ایف ایف اے نوشہرہ کے صدر واجد خان، ڈی ایف اے سوات افراسیاب، ڈی ایف اے مردان علی گوہر خان، سیکرٹری ڈی ایف اے ہری پور بلال خان، ڈی ایف اے سیکرٹری مانسہرہ عبدالصبور، صدر ڈی ایف اے ایبٹ آباد خالد جاوید خان اور سیکرٹری عادل خان جدون شامل تھے جنہوں نے فیفا ہائوس کی تزئین و آرائش کر کے جلد قومی انڈر 15- ٹیم کا کیمپ لگانے کا عندیہ دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ جن اضلاع کے انڈر15- کے اچھے کھلاڑی جو ٹرائل میں نہیں آ سکے، کو براہ راست لاہور انڈر 15- کیمپ میں بلایا جائے گا، اس کے علاوہ ہزارہ ڈویژن کو خصوصی طور پر فٹ بال کیلنڈر میں شامل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

پاکستان فٹ بال فیڈریشن کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا میں فٹ بال کی سرگرمیوں پر زیادہ توجہ مرکوز کی جائے گی تاکہ یہاں کے کھلاڑی ملک سطح پر اپنے کھیل کا لوہا منوا سکیں۔

اس موقع پر پی ایف ایف کے نمائندوں نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ تین سال سے فٹ بال کو پہنچنے والے نقصان کی تلافی کریں گے، پاکستان کے جس کونے میں بھی ٹیلنٹ ہے، کو سامنے لا کر صلاحیتیں دکھانے کے موقع فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ایبٹ آباد کنڈیشن اور موسم کے لحاظ سے آئیڈل جگہ ہے، زیادہ سے زیادہ فٹ بال کے ایونٹ یہاں منعقد کئے جائیں گے، ہماری کوشش ہے کہ کسی بھی بچہ کی حق تلفی نہ ہو بلکہ زیادہ سے زیادہ کھلاڑیوں کو مواقع فراہم کئے جائیں۔
وقت اشاعت : 15/09/2018 - 15:03:42

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :