بابر اعظم کے پاس ظہیر عباس کا35سال پرانا ریکارڈ برابر کرنیکا موقع آگیا

ٹاپ آرڈر بلے باز2000رنز سے 27دوڑیں دور

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 15 ستمبر 2018 17:26

بابر اعظم کے پاس ظہیر عباس کا35سال پرانا ریکارڈ برابر کرنیکا موقع آگیا
دبئی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 ستمبر2018ئ) سٹار پاکستانی بلے باز بابر اعظم کو ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں کیریئر کے 2 ہزار رنز مکمل کرنے کےلئے مزید 27 رنز درکار ہیں، توقع ہے کہ وہ اتوار کو ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں ہانگ کانگ کے خلاف شیڈول میچ میں 2 ہزار رنز کا ہندسہ عبور کر لیں گے، اگر بابر یہ سنگ میل عبور کرنے میں کامیاب ہوئے تو وہ تیز ترین 2 ہزار رنز مکمل کرنے والے مشترکہ طور پر دنیا کے دوسرے کھلاڑی بن جائیں گے۔

23سالہ بابر اعظم نے46میچز کی 44 اننگز میں54.80کی اوسط سے 1973 رنز بنا رکھے ہیں جن میں 7 نصف سنچریاں اور8سنچریاں شامل ہیں ۔ ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ میں تیز ترین 2 ہزار رنز مکمل کرنے کا عالمی اعزاز جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اور اوپننگ بلے باز ہاشم آملہ کے پاس ہے جنہوں نے 40 اننگز میں سنگ میل عبور کیا تھا، سابق پاکستانی بلے باز اور ایشین بریڈمین ظہیر عباس اور سابق انگلش کپتان اوربلے باز کیون پیٹرسن نے 45، 45 اننگز میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ ایشیا ءکپ کرکٹ ٹورنامنٹ 15 سے 28 ستمبر تک محدہ عرب امارات میں کھیلا جائےگا جس میں پہلی مرتبہ چھ ٹیمیں ایکشن میں دکھائی دیں گی، پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان نے براہ راست ایونٹ میں جگہ بنائی تھی اور اب انکے بعد ہانگ کانگ، ملائیشیا، نیپال، اومان، سنگاپور اور متحدہ عرب امارات میں سے ہانگ کانگ کی ٹیم کوالیفائنگ مرحلہ عبور کر کے ایونٹ تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی۔

ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، پاکستان، بھارت اور ہانگ کانگ کو گروپ اے، بنگلہ دیش، سری لنکا اور افغانستان کو گروپ بی میں رکھا گیا ہے، ہر گروپ سے دو ٹیمیں سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کریں گی جہاں پر چاروں ٹیمیں آپس میں مدمقابل ہوں گی اور دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل کھیلا جائےگا۔ پاکستانی ٹیم 16 ستمبر کو ہانگ کانگ ٹیم کےخلاف مہم کا آغاز کرےگی، گرین شرٹس 19 ستمبر کو روایتی حریف بھارت کے آمنے سامنے ہوں گے، سپر 4مرحلے کے میچز 21 سے 26 ستمبر تک کھیلے جائیں گے، دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 28 ستمبر کو دبئی میں کھیلا جائےگا۔ ایونٹ کے تمام میچز ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے۔ 
وقت اشاعت : 15/09/2018 - 17:26:02

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :