ایشیا کپ؛ پاکستان آج اپنا پہلا میچ ہانگ کانگ کے خلاف کھیلے گا

قومی ٹیم کے ممکنہ 11 کھلاڑیوں کے نام سامنے آ گئے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان اتوار 16 ستمبر 2018 14:36

ایشیا کپ؛ پاکستان آج اپنا پہلا میچ ہانگ کانگ کے خلاف کھیلے گا
دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔16ستمبر 2018ء) پاکستان ایشیا کپ ٹورنامنٹ میں آج اپنا پہلا میچ ہانگ کانگ کے خلاف کھیلے گا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان آج ایشیا کپ ٹورنامنٹ میں اپنا پہلا میچ کھیلے گا۔پاکستان اور  ہانگ کانگ کے درمیان یہ میچ دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا،دونوں ٹیموں کے درمیان میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 4 بجے شروع ہو گا۔

اس میچ کے حوالے سے گرین شرٹس کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ٹائٹل جیتنے کے لیے پرعزم ہیں جب کہ ہانگ کانگ کے کپتان آنشی راتھ کہتے ہیں پاکستان کو ہرا کر دنیائے کرکٹ میں نام کما سکتے ہیں۔پاکستان ٹیم ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2018ء میں شرکت کیلئے سرفراز احمد کی قیادت میں دبئی پہنچی تھی۔ہانگ کانگ کے خلاف قومی ٹیم کے ممکنہ ناموں کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ہانگ کانگ کے خلاف قومی ٹیم کے ممکنہ گیارہ کھلاڑیوں میں فخر زمان، امام الحق، بابراعظم، شعیب ملک، کپتان سرفراز احمد، آصف علی، شاداب خان، فہیم اشرف، محمد عامر، حسن علی اور عثمان خان شامل ہیں۔ ہانگ کانگ کی ٹیم تیسری مرتبہ ایشیا کپ میں شرکت کررہی ہے، پہلی مرتبہ اس نے 2004 میں سری لنکا میں کھیلے گئے ایشیا کپ میں شرکت کی اور اس کے بعد 2008 میں پاکستان میں منعقدہ ٹورنامنٹ میں حصہ لیا تھا تاہم دونوں مرتبہ وہ کسی میچ میں کامیابی حاصل نہیں کرسکی۔

پاکستان اور ہانگ کانگ کے درمیان دو ون ڈے انٹرنیشنل میچز بھی کھیلے جاچکے ہیں اور دونوں ہی میچوں میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا اور ایک مرتبہ پھر آئی سی سی نے ایشیا کپ میں ہانگ کانگ کے میچوں کو بین الاقوامی میچوں کا درجہ دے رکھا ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں بنگال ٹائیگرز نے سری لنکا کو 137 رن سے ہرا دیا تھا۔
وقت اشاعت : 16/09/2018 - 14:36:33

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :