ایشیا ءکپ ، ہانگ کانگ کاپاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

ٹورنامنٹ15ستمبر سے28ستمبر تک کھیلا جائے گا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 16 ستمبر 2018 16:02

ایشیا ءکپ ، ہانگ کانگ کاپاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ
دبئی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 ستمبر2018ئ) ایشیاءکپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2018ءکے گروپ اے کے پہلے میچ میں ہانگ کانگ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ہانگ کانگ کے خلاف قومی ٹیم کے گیارہ کھلاڑیوں میں فخر زمان، امام الحق، بابراعظم، شعیب ملک، کپتان سرفراز احمد، آصف علی، شاداب خان، فہیم اشرف، محمد عامر، حسن علی اور عثمان خان شامل ہیں۔

ہانگ کانگ کی ٹیم تیسری مرتبہ ایشیا کپ میں شرکت کررہی ہے، پہلی مرتبہ اس نے 2004ءمیں سری لنکا میں کھیلے گئے ایشیاءکپ میں شرکت کی اور اس کے بعد 2008 ءمیں پاکستان میں منعقدہ ٹورنامنٹ میں حصہ لیا تھا تاہم دونوں مرتبہ وہ کسی میچ میں کامیابی حاصل نہیں کرسکی۔ پاکستان اور ہانگ کانگ کے درمیان دو ون ڈے انٹرنیشنل میچز بھی کھیلے جاچکے ہیں اور دونوں ہی میچوں میں ہانگ کانگ کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ، ہانگ کانگ کے پاس ون ڈے سٹیٹس نہیں ہے اس لیے آئی سی سی نے ایشیاءکپ میں ہانگ کانگ کے میچوں کو بین الاقوامی میچوں کا درجہ دے رکھا ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ ایشیا ءکپ کرکٹ ٹورنامنٹ 15 سے 28 ستمبر تک محدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا جس میں پہلی مرتبہ چھ ٹیمیں ایکشن میں دکھائی دیں گی، پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان نے براہ راست ایونٹ میں جگہ بنائی تھی اور اب ان کے بعد ہانگ کانگ، ملائیشیا، نیپال، اومان، سنگاپور اور متحدہ عرب امارات میں سے ہانگ کانگ کی ٹیم کوالیفائنگ مرحلہ عبور کر کے ایونٹ تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی۔

ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، پاکستان، بھارت اور ہانگ کانگ کو گروپ اے، بنگلہ دیش، سری لنکا اور افغانستان کو گروپ بی میں رکھا گیا ہے، ہر گروپ سے دو ٹیمیں سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی جہاں پر چاروں ٹیمیں آپس میں مدمقابل ہوں گی اور دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل کھیلا جائےگا۔ 15 ستمبر کو افتتاحی میچ میں سری لنکا کا مقابلہ بنگلہ دیش سے ہو ا جہاں بنگلہ دیش نے 137رنز سے کامیابی حاصل کی جس کے بعد آج پاکستانی ٹیم ہانگ کانگ کی ٹیم کےخلاف مہم کا آغاز کر رہی ہے ، گرین شرٹس 19 ستمبر کو روایتی حریف بھارت کے آمنے سامنے ہوں گے، ایونٹ میں سپر 4مرحلے کے میچز 21 سے 26 ستمبر تک کھیلے جائیں گے، دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 28 ستمبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔

ایونٹ کے تمام میچز ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے۔
وقت اشاعت : 16/09/2018 - 16:02:50

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :