ایشیاءکپ 2018ء:ہانگ کانگ کےخلاف میچ میں محمد عامر کو بڑی خفت سے دوچار ہونا پڑ گیا

ٹورنامنٹ15ستمبر سے28ستمبر تک کھیلا جائےگا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 16 ستمبر 2018 17:11

ایشیاءکپ 2018ء:ہانگ کانگ کےخلاف میچ میں محمد عامر کو بڑی خفت سے دوچار ہونا پڑ گیا
دبئی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 ستمبر2018ئ) ایشیاءکپ 2018ءمیں ہانگ کانگ کے خلاف ون ڈے میچ میں محمد عامر کو بڑی خفت سے دوچار ہونا پڑ گیا ۔ دبئی انٹر نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے اس میچ میں ہانگ کانگ نے ٹاس جیت کرپہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے پہلا اوور ڈالا ،عامر کی پہلی گیند پر ہانگ کانگ کے اوپنر نزاکت خان نے دو رنز بنائے جب کہ اگلی گیند کو مڈ وکٹ باﺅنڈری کی سیرکرائی ، تیسری گیند نزاکت خان کے بلے کا کنارہ لیکر سیکنڈ سلپ سے تھوڑا پہلے گر گئی ،چوتھی گیند پر نزاکت نے فائن لیگ پر چوکا لگایا ،پانچویں گیند پر کوئی رن نہ بنا جبکہ اوور کی آخری گیند پر نزاکت خان نے ایک رن لیا اور یوں محمد عامر کو اپنے پہلے اوور میں11رنز دینے پڑے ، یہ محمد عامر کے ون ڈے کیریئر میں پہلا موقع تھا جب انہوں نے اپنے پہلے اوور میں 10یا اس سے زیادہ رنز دیئے ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ ایشیا ءکپ کرکٹ ٹورنامنٹ 15 سے 28 ستمبر تک محدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا جس میں پہلی مرتبہ چھ ٹیمیں ایکشن میں دکھائی دیں گی، پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان نے براہ راست ایونٹ میں جگہ بنائی تھی اور اب ان کے بعد ہانگ کانگ، ملائیشیا، نیپال، اومان، سنگاپور اور متحدہ عرب امارات میں سے ہانگ کانگ کی ٹیم کوالیفائنگ مرحلہ عبور کر کے ایونٹ تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی۔

ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، پاکستان، بھارت اور ہانگ کانگ کو گروپ اے، بنگلہ دیش، سری لنکا اور افغانستان کو گروپ بی میں رکھا گیا ہے، ہر گروپ سے دو ٹیمیں سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی جہاں پر چاروں ٹیمیں آپس میں مدمقابل ہوں گی اور دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل کھیلا جائےگا۔ 15 ستمبر کو افتتاحی میچ میں سری لنکا کا مقابلہ بنگلہ دیش سے ہو ا جہاں بنگلہ دیش نے 137رنز سے کامیابی حاصل کی جس کے بعد آج پاکستانی ٹیم ہانگ کانگ کی ٹیم کےخلاف مہم کا آغاز کر رہی ہے ، گرین شرٹس 19 ستمبر کو روایتی حریف بھارت کے آمنے سامنے ہوں گے، ایونٹ میں سپر 4مرحلے کے میچز 21 سے 26 ستمبر تک کھیلے جائیں گے، دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 28 ستمبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔

ایونٹ کے تمام میچز ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے۔ 
وقت اشاعت : 16/09/2018 - 17:11:31

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :