بھارت کے کتنے بلے باز نشانے پر ہیں ؟ عثمان شنواری نے بتادیا

بڑے معرکے کیلئے بھرپور تیاری کر رکھی ہے:فاسٹ باﺅلر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 17 ستمبر 2018 12:15

بھارت کے کتنے بلے باز نشانے پر ہیں ؟ عثمان شنواری نے بتادیا
دبئی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 ستمبر2018ء) عثمان شنواری نے ہانگ کانگ کے بعد بھارتی بیٹسمینوں کونشانے پر رکھ لیا۔

(جاری ہے)

فاسٹ باﺅلر کا کہنا ہے کہ ہانگ کانگ کے خلاف ریورس سوئنگ سے مدد ملی، 5 بھارتی بیٹسمینوں کو پویلین بھیجنا ہدف ہے، ہانگ کانگ کیخلاف میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ موسم اچھا تھا، گزشتہ سال اکتوبرمیں سری لنکا کے خلاف یو اے ای میں میچ کے دوران کافی گرمی تھی، خیال تھا کہ اب زیادہ گرمی ہو گی تاہم موسم اچھا تھا اورکھیلنے کا مزہ آیا، باﺅلنگ کے دوران پاﺅں کا انگوٹھا جوتے سے لگنے کے باعث خون آنے لگ گیا اور میدان سے باہر جانا پڑا، فٹنس کا کوئی مسئلہ نہیں ہے، اگلا میچ کھیلنے کے لیے پوری طرح تیار ہوں، بھارت کےخلاف پہلی دفعہ کھیلنے پردباﺅکے حوالے سے سوال پر انھوں نے کہا کہ روایتی حریفوں کے مابین میچ ہمیشہ ہی پریشر والا ہوتا ہے جس میں نہ صرف کھلاڑی بلکہ شائقین بھی بہت پرجوش ہوتے ہیں، اگرچہ بھارتی ٹیم نمبر ون ہے تاہم ہماری ٹیم بھی کسی سے کم نہیں ہے، پوری توجہ 19 ستمبر کو بھارت کے خلاف میچ پر مرکوز ہے، بڑے معرکے کیلئے بھرپور تیاری کر رکھی ہے، روایتی حریف کےخلاف فتح حاصل کریں گے، پاک بھارت میچ کے دوران جو بھی کھلاڑی پرفارم کرتا ہے اسکا کیریئر الگ لیول پر چلا جاتا ہے، ہر کھلاڑی کی کوشش ہوتی ہے کہ روایتی حریف کےخلاف بہتر سے بہتر کھیل پیش کرے، میرا بھی یہی ہدف ہے، ہانگ کانگ کےخلاف 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ 5 بھارتی بیٹسمینوں کو پویلین بھیجنا میرا ہدف ہوگا، نئی پچ کے حوالے سے سوال پر انھوں نے کہا کہ مجھے تو وکٹ پرانی لگی جو کافی سلو تھی اورباﺅلنگ کرنا مشکل ہو رہا تھا تاہم پھر بھی میں نے بھرپور رفتار سے باﺅلنگ کی، دوسرے سپیل میں گیند خراب ہونے سے ریورس سوئنگ میں مدد ملی جس کی وجہ سے وکٹیں اڑانے میں کامیاب رہا۔


وقت اشاعت : 17/09/2018 - 12:15:34

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :