ایشیا کپ، بھارت نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر لی، گرین شرٹس پہلے کھیلتے ہوئے 43.1 اوورز میں 162 رنز پر ڈھیر، 7 کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں ناکام، بھارت نے 163 رنز کا ہدف 29 اوورز میں 2 وکٹوں پر پورا کیا، روہت شرما کی ففٹی، بھنشور کمار میچ کے بہترین کھلاڑی قرار

جمعرات 20 ستمبر 2018 00:00

دبئی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2018ء) ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں بھارت نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر لی، پاکستانی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 43.1 اوورز میں 162 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، بھنشور کمار نے امام الحق اور فخر زمان کو آئوٹ کر کے گرین شرٹس پر دبائو بڑھا دیا جس کے بعد کوئی بھی کھلاڑی بڑی اننگز نہ کھیل سکا، 7 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے، جواب میں بھارتی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 29 اوورز میں 2 وکٹوں پر حاصل کیا، روہت شرما نے 52 رنز کی اننگز کھیلی، بھنشور کمار میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

بدھ کو کھیلے گئے ایشیا کپ کے پانچویں میچ میں پاکستانی قائد سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے مہنگا ثابت ہوا، گرین شرٹس پہلے کھیلتے ہوئے 44ویں اوور میں 162 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، پاکستانی ٹیم کا آغاز انتہائی مایوس کن تھا اور 3 کے سکور پر دونوں اوپنرز امام الحق اور فخر زمان آئوٹ ہو گئے، فخر زمان بغیر کوئی رن بنائے اور امام الحق 2 رنز بنا کر بھنشور کمار کا شکار بنے، اس موقع پر بابراعظم اور شعیب ملک نے ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی تاہم 85 کے سکور پر کلدیپ یاداو نے بابر اعظم کو آئوٹ کر کے نہ صرف اہم پارٹنرشپ توڑی بلکہ ٹیم کو بڑی کامیابی بھی دلائی، بابر نے 47 رنز بنائے، کپتان سرفراز احمد کا بلا نہ چلا اور وہ 6 رنز بنانے کے بعد کیدر جادھو کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، 100 کے سکور پر پاکستان کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب شعیب ملک جو کہ اچھی بیٹنگ کر رہے تھے رن آئوٹ ہو گئے، انہوں نے 43 رنز بنائے، اس کے بعد کوئی بھی کھلاڑی خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا، آصف علی 9، شاداب خان 8، فہیم اشرف 21، حسن علی 1 اور عثمان خان بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے، محمد عامر 18 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، بھنشور کمار اور کیدر جادھو نے 3، 3 جسپریت بمرا نے 2 اور کلدیپ یاداو نے ایک وکٹ لی۔

(جاری ہے)

جواب میں بھارتی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 29 اوورز میں صرف 2 وکٹوں پر پورا کیا، روہت شرما اور شیکھر دھون نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو 13.1 اوورز میں 86 رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا، شرما 52 رنز بنانے کے بعد شاداب خان کی گیند پر بولڈ ہوئے، دھون 46 رنز بنانے کے بعد فہیم اشرف کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، اس کے بعد امباتی رائیڈو اور دنیش کارتھک نے مزید کوئی نقصان نہ ہونے دیا اور تیسری وکٹ میں 60 ناقابل شکست رنز جوڑ کر ٹیم کو فتح دلائی، رائیڈو اور کارتھک 31، 31 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، شاداب خان اور فہیم اشرف نے ایک، ایک وکٹ لی۔
وقت اشاعت : 20/09/2018 - 00:00:34

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :