ایشیا کپ سپر فور مرحلہ،

پاکستان نے افغانستان کو دلچسپ مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے شکست دے دی گرین شرٹس نے 258 رنز کا ہدف49.3 اوورز میں 7 وکٹوں پر پورا کیا، امام الحق اور بابراعظم نے دوسری وکٹ میں 154 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کو مشکلات سے نکالا، امام الحق 80 اور بابر 66 رنز بنا کر نمایاں رہے، شعیب ملک نے ناقابل شکست ففٹی بنا کر افغانستان کے منہ سے فتح کا نوالہ چھین لیا حشمت اللہ کی 97 اور اصغر کی 67 رنز کی اننگز رائیگاں گئیں، شعیب ملک میچ کے بہترین کھلاڑی قرار

ہفتہ 22 ستمبر 2018 15:28

ایشیا کپ سپر فور مرحلہ،
ابوظہبی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2018ء) ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ سپر فور مرحلے میں پاکستان نے دلچسپ مقابلے کے بعد افغانستان کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی، گرین شرٹس نے 258 رنز کا ہدف 49.3 اوورز میں 7 وکٹوں پر پورا کیا، پاکستانی ٹیم کی اننگز کا آغاز مایوس کن تھا اور پہلے ہی اوور میں اسے فخر زمان کا نقصان اٹھانا پڑا جو مسلسل دوسرے میچ میں رنز کا کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹے، اس موقع پر امام الحق اور بابر اعظم نے میدان سنبھالا، دونوں بلے بازوں نے مشکل وقت میں انتہائی شاندار اور ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری وکٹ میں 154 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کو سہارا دیا، اسی دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں، امام الحق80 اور بابر 66 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، شعیب ملک نے 51 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر افغانستان کی جیت کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، حشمت اللہ شاہدی کی 97 اور اصغر کی 67 رنز کی اننگز رائیگاں گئیں۔

(جاری ہے)

شعیب ملکمیچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ سپر فور مرحلے میں سپر فور مرحلے کے دوسرے میچ میں افغانی قائد اصغر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو افغانستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 257 رنز بنائے، حشمت اللہ شاہدی اور اصغر نے ڈٹ کر گرین شرٹس کے بائولرز کا مقابلہ کیا، حشمت اللہ 97 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، اصغر 67 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں کھلاڑی رہے، محمد شہزاد 20، احسان اللہ 10، رحمت شاہ 36، محمد نبی 7 اور نجیب اللہ زدران 5 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، گلبدین نائب 10 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، محمد نواز نے 3، شاہین شاہ آفریدی نے 2 اور حسن علی نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا، جواب میں پاکستانی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 49.3 اوورز میں 7 وکٹوں پر حاصل کیا، گرین شرٹس کی اننگز کا آغاز کچھ زیادہ اچھا نہ تھا اور پہلے ہی اوور میں اسے فخر زمان کا نقصان اٹھانا پڑا جو بغیر کوئی رن بنائے مجیب الرحمان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، اس موقع پر امام الحق اور بابر اعظم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے دوسری وکٹ میں 154 اہم رنز جوڑ کر ٹیم کو سہارا دیا، یہاں پر امام الحق جو کہ اچھی بیٹنگ کر رہے تھے 80 کے انفرادی سکور پر رن آئوٹ ہو گئے، ان کے آئوٹ ہونے کے بعد بابر کی ہمت بھی جواب دے گئی اور وہ 66 رنز بنانے کے بعد راشد خان کی گیند پر سٹمپ ہو گئے، اس کے بعد شعیب ملک نے حارث کے ساتھ مل کر سکور 194 تک پہنچا دیا، یہاں پر مجیب الرحمان نے حارث کو آئوٹ کر کے اہم پارٹنرشپ توڑ دی، حارث 13 رنز بنا پائے، سرفراز احمد بیٹنگ کا جادو نہ چلا سکے اور 8 رنز بنا کر گلبدین نائب کی گیند پر بولڈ ہو گئے، 226 کے سکور پر پاکستان کا چھٹا نقصان برداشت کرنا پڑا جب آصف علی 7 رنز بنانے کے بعد راشد خان کی گیند کا نشانہ بنے، محمد نواز 10 رنز بنا کر راشد خان کی گیند پر بولڈ ہوئے، یکے بعد دیگرے 4 وکٹیں گرنے کے بعد گرین شرٹس دبائو کا شکار ہو گئی لیکن شعیب ملک حریف بائولرز کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی طرح ڈٹے رہے، انہوں نے 51 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر افغانستان کی جیت کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، حسن علی 6 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، راشد خان نے 3، مجیب الرحمان نے 2 اور گلبدین نائب نے ایک وکٹ لی۔

وقت اشاعت : 22/09/2018 - 15:28:56

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :