آئی سی سی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی، حسن علی، اصغر افغان اور راشد خان پر جرمانہ

تینوں کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا،ایک ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دیا گیا

ہفتہ 22 ستمبر 2018 21:07

آئی سی سی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی، حسن علی، اصغر افغان اور راشد خان پر جرمانہ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2018ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پاکستانی فاسٹ بولر حسن علی، افغان کپتان اصغر استنکزئی اور لیگ اسپنر راشد خان پر جرمانہ عائد کر دیا۔آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جمعہ کے روز پاکستان اور افغانستان کے درمیان ابو ظہبی میں کھیلے گئے میچ میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر تینوں کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

حسن علی کو افغانستان کی بیٹنگ کے دوران 33 ویں اوور میں گیند افغان بلے باز ہشمت اللہ شاہدی کی جانب تھرو کرنے پر جرمانے کا سامنا کرنا پڑا۔افغانستان کی بیٹنگ کے دوران ہی 37 ویں اوور میں رن کے لیے بھاگتے ہوئے اصغر افغان نے اپنا کندھا حسن علی کو مارا جس پر انہیں جرمانے کا سامنا کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

راشد علی نے پاکستانی اننگز کے آخری لمحات میں آصف علی کو آئوٹ کرنے کے بعد جس انداز سے اشارہ کیا اس پر انہیں جرمانہ کیا گیا ہے۔

آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر مختلف واقعات میں تینوں کھلاڑیوں کو ایک ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دیا گیا ہے۔حسن علی اور راشد خان کو پہلی بار ڈی میرٹ پوائنٹ ملے ہیں جبکہ اصغر افغان کو 24 ماہ کے دوران دوسری بار ڈی میرٹ پوائنٹ ملا ہے۔خیال رہے کہ جمعہ کے روز کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے دلچسپت مقابلے کے بعد افغانستان کو تین وکٹوں سے شکست دیدی تھی۔
وقت اشاعت : 22/09/2018 - 21:07:44

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :