ایشیا ءکپ،فخر زمان ناٹ آﺅٹ ہوکر بھی ریویو لینے میں ناکام

پچ بیٹنگ کے لیے سازگار دکھائی دے رہی ہے: سرفراز احمد

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 23 ستمبر 2018 17:43

ایشیا ءکپ،فخر زمان ناٹ آﺅٹ ہوکر بھی ریویو لینے میں ناکام
دبئی (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔23 ستمبر2018ء) ایشیا ءکپ کے سپر فور مرحلے میں بھارت کے خلاف سست بیٹنگ کے نتیجے میں دونوں پاکستانی اوپنرز پوویلین واپس پہنچ گئے ہیں ۔ دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو امام الحق اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا۔دونوں اوپننگ بلے بازوں نے محتاط انداز اپنایا اور بھارتی بولروں کے خلاف بڑی شارٹس لگانے سے گریز کیا تاہم آٹھویں اوور میں امام الحق یزویندرا چاہل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آﺅٹ ہوگئے، وہ 10 رنز ہی بناسکے۔

فخر زمان نے کلدیپ یادیو کو ایک چھکا اور ایک چوکا رسید کیا تاہم سویپ شاٹ کھیلنے کی کوشش کرتے ہوئے اپنا توازن کھو بیٹھے اور ایل بی ڈبلیو ہوگئے ،ری پلیز میں نظر آیا کہ گیند نے فخر زمان کے پیڈ پر لگنے سے پہلے گلوز کو چھوا تھا ، فخر زمان نے بابر اعظم سے بھی مشورہ کیا تاہم انہوں نے بھی ریویو لینے سے روک دیا ۔

(جاری ہے)

بابر اعظم9رنز بنا کر کپتان سرفراز احمد کی غلط کال کے نتیجے میں رن آﺅٹ ہوگئے۔

اس سے قبل ٹاس جیتنے کے بعد کپتان سرفراز کا کہنا تھا کہ پچ بیٹنگ کے لیے سازگار دکھائی دے رہی ہے اور کوشش ہوگی کہ آغاز اچھا ہو اور بڑا مجموعہ کر کے بھارت کو ہرایا جائے۔بھارتی کپتان روہت شرما نے کہا کہ کھلاڑی بھرپور فارم میں ہیں اور آج میچ کے لیے مکمل تیار ہیں اس لیے میچ جیتنے کی کوشش کریں گے اور ہمیں اسی طرح بولنگ کرنی ہے جس طرح کرتے آرہے ہیں۔

بھارت کے خلاف میچ کے لیے قومی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں جب کہ بھارتی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ عثمان شنواری کی جگہ محمد عامر اور حارث سہیل کی جگہ شاداب خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا، قومی ٹیم فخر زمان، امام الحق، بابراعظم، شعیب ملک، کپتان سرفراز احمد، آصف علی، شاداب خان، محمد نواز، شاہین آفریدی، حسن علی اور محمد عامر پر مشتمل ہے۔

بھارتی ٹیم شیکر دھاون، کپتان روہت شرما، امباتی روئیڈو، مہندرا سنگھ دھونی، دنیش کارتھک، کیدر جادیو، روندرا جدیجا، بھونیشور کمار، کلدیپ یادیو، یوزویندرا چاہل اور جسپریت بمرا پر مشتمل ہے۔بڑے مقابلے کو دیکھنے کے لیے شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد اسٹیڈیم میں موجود ہے۔سپر فور مرحلے میں ایشیا کپ کے آج کھیلے جانے والے دوسرے میچ میں بنگلادیش کا مقابلہ افغانستان سے ہوگا۔آج کے اہم میچ میں جس ٹیم نے کامیابی حاصل کی اس کی ایشیا کپ کے فائنل تک رسائی کی راہ ہموار ہوجائےگی اور ہارنے والی ٹیم کے لیے اگر مگر کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔

وقت اشاعت : 23/09/2018 - 17:43:31

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :