گزشتہ روز میچ سے پہلے شعیب اختر نے بھارتی خاتون صحافی کو آڑے ہاتھوں لے لیا، ویڈیو وائرل

صحافی نے قومی ٹیم کی بے عزتی کرنے کی کوشش کی تھی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 25 ستمبر 2018 13:41

گزشتہ روز میچ سے پہلے شعیب اختر نے بھارتی خاتون صحافی کو آڑے ہاتھوں لے لیا، ویڈیو وائرل
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔25 ستمبر2018ء) پاکستان اور بھارت کا میچ ہو تو کرکٹرز بھرپور تیاری کرتے ہیں اور سابق کرکٹرز بھرپور تبصرے کرتے ہوئے اپنے اپنے تجزئیے بیان کرتے ہیں مگر گزشتہ روز میچ سے پہلے ایک بھارتی خاتون صحافی نے شعیب اختر سے ایسی بات کہہ دی کہ وہ بھڑک اٹھے اور صحافی کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔شعیب اختر نے جیسے ہی شو کو جوائن کیا تو خاتون صحافی نے کہا ” ہمارے ہاں ہندوستان میں صفائی کے مشن کا دوسرا مرحلہ حال ہی میں شروع ہوا ہے اور مجھے لگتا ہے کہ انڈین ٹیم نے اسے بہت سنجیدگی سے لے لیا ہے۔

100 گھنٹے پہلے جس طرح سے پاکستانی ٹیم کی دھلائی ہوئی تھی، آج پھر سے آپ کے کھلاڑی دھلائی کیلئے تیار ہو کر آ رہے ہیں ناں؟“اس پر شعیب اختر نے جواب دیا کہ ”مجھے نہیں معلوم کہ آپ کا نام کیا ہے مگر میں آپ کی بڑی عزت کرتا ہوں اور اگر تمیز کے دائرے میں رہ کر سوال کریں گی تو میں جواب دوں گا۔

(جاری ہے)

مجھ سے کرکٹ کے سوال کریں، میں کرکٹ سے جواب دوں گا، دھلائی وغیرہ میری سمجھ میں نہیں آ رہی“۔

خاتون صحافی کے سوال پر مسکرا اٹھنے والے بھارتی ٹیسٹ کرکٹر گوتم گمبھیر نے بھی جب شعیب اختر کا جواب سنا تو ان کی ہنسی رفو چکر ہو گئی جبکہ خاتون صحافی نے کہا کہ آپ برا مت مانیں اور اس کیساتھ ہی صحیح طریقے سے سوال پوچھا جس پر شعیب اختر نے جواب بھی دیا۔ ان کی یہ ویڈیو وائرل ہو گئی ہے اور پاکستانی انہیں خوب داد دے رہے ہیں۔یاد رہے کہ بھارت نے ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے ایک میچ میں پاکستان کو یک طرفہ مقابلے کے بعد 9 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

دبئی کے انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں بھارت نے پاکستان کے 238 رنز کے ہدف کو محض 40ویں اوور میں پورا کرلیا۔بھارت کی جانب سے دونوں اوپنرز روہت شرما اور شکھر دھون میں شاندار سنچریاں سکور کیں اور پاکستانی گیند بازوں کےخلاف گراﺅنڈ کے چاروں طرف شاندار شاٹس لگائے۔شیکھر دھون 114 رنز بناکر رن آﺅٹ ہوگئے جبکہ روہت شرما 111 رنز بناکر ناٹ آﺅٹ رہے۔

اس سے قبل پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو امام الحق اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا۔دونوں اوپننگ بلے بازوں نے محتاط انداز اپنایا اور بھارتی بولروں کےخلاف بڑی شارٹس لگانے سے گریز کیا تاہم آٹھویں اوور میں امام الحق یزویندرا چاہل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے، وہ 10 رنز ہی بناسکے۔اگلے آﺅٹ ہونے والے بلے باز فخر زمان تھے جو کریز پر اپنا توازن کھو بیٹھے کلدیپ یادیو کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے جبکہ بابر اعظم 9 رنز بناکر رن آﺅٹ ہوگئے۔

تین کھلاڑیوں کے جلد آﺅٹ ہونے کے بعد شعیب ملک اور کپتان سرفراز احمد نے ٹیم کو سنبھالا اور دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 107 رنز کی شراکت قائم ہوئی، 165 کے مجموعی سکور پر سرفراز احمد 44 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئے۔شعیب ملک نے بھی 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 78 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، وہ جسپریت بھمراہ کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آﺅٹ ہوئے۔

شعیب ملک کے بعد آصف علی اچھے آغاز کے باوجود اپنی اننگز کو آگے لیکر نہ جاسکے اور 30 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر یزویندرا چاہل کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔آصف علی کے آو¿ٹ ہونے کے بعد انڈین گیند بازوں نے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرتے ہوئے اختتامی اوورز میں شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور پاکستان کو تیزی سے رنز سکور کرنے سے باز رکھا۔پاکستانی بلے باز بمشکل 237 رنز ہی بناپائے۔ اختتامی اوورز میں بھارتی بولرز کے غلبے کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ آخری 7 اوورز میں پاکستان صرف 38 رنز ہی بنا پایا۔بھارت کی جانب سے جسپریت بمراہ، یزویندرا چاہل اور کلدیپ یاودیو نے دو، دو کھلاڑیوں کا آﺅٹ کیا۔
وقت اشاعت : 25/09/2018 - 13:41:34

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :