چیمپئنز ٹرافی کی فتح پاکستان کیلئے ”سراب “ تھی:وسیم اکرم

اللہ جانتا ہے کہ ویرات کوہلی کی موجودگی میں کیا حالات ہوتے :سابق قومی کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 25 ستمبر 2018 14:19

چیمپئنز ٹرافی کی فتح پاکستان کیلئے ”سراب “ تھی:وسیم اکرم
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔25 ستمبر2018ء) قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کا ایشیاءکپ میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی کا تجزیہ کرتے ہوئے کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کی فتح پاکستان کیلئے محض ایک فلوک تھی لہٰذا گرین شرٹس کو چاہئے کہ وہ خود پر سے ڈیڑھ سال قبل کھیلے گئے ٹورنامنٹ کا بوجھ اتار کر مستقبل کی جانب دیکھیں کیونکہ کمزور ٹیموں کے خلاف ان کی کارکردگی قطعی مددگار ثابت نہیں ہو رہی ہے۔

وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ انہوں نے بیس سال تک پاکستان کیلئے کرکٹ کھیلی مگر کبھی اس طرح کی یک طرفہ شکستوں کا سامنا نہیں کیا جنہوں نے پاکستانی ٹیم کو چیمپئنز ٹرافی کی کامیابی کے خوابوں سے باہر نکال دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایشیاءکپ کے لیے بھارتی ٹیم میں ریگولر کپتان ویرات کوہلی بھی موجود نہیں اور اللہ ہی جانتا ہے کہ ان کی موجودگی میں کیا حالات ہوتے کیوں کہ موجودہ بھارتی سائیڈ کھیل کے ہر شعبے میں پاکستان سے میلوں آگے دکھائی دی ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ 90ءکے عشرے میں پاکستان کے خلاف کھیلتے ہوئے بھارتی ٹیم دباو¿ کا شکار نظر آتی تھی لیکن اب پاکستانی ٹیم اسی طرح کی صورت حال کا شکار ہے کیونکہ فتح یا شکست کھیل کا حصہ ہے لیکن کم از کم فائٹ تو نظر آنا چاہئے۔ سابق قومی کپتان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم کو کمتر اور کمزور حریفوں کیخلاف کم میچز کھیلنا چاہئیں کیونکہ انہیں یہ بات سمجھ میں نہیں آئی کہ زمبابوے کے دورے میں پانچ ون ڈے اور دو ٹی ٹونٹی میچز کھیل کر آخر کیا حاصل ہوا جہاں ڈبل سنچریاں سکور کرنے والے قومی کھلاڑی اب مضبوط ٹیموں اور باﺅلنگ اٹیکس کے خلاف دباﺅ کا شکار ہیں۔
وقت اشاعت : 25/09/2018 - 14:19:50

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :