شہزاد کی سنچری، شاہد آفریدی کا عالمی ریکارڈ برابر کردیا

منگل 25 ستمبر 2018 20:57

شہزاد کی سنچری، شاہد آفریدی کا عالمی ریکارڈ برابر کردیا
دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2018ء) افغانستان کے اوپننگ بلے باز محمد شہزاد نے ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف سنچری اسکور کر کے سابق پاکستانی آل راؤنڈر شاہد آفریدی کا عالمی ریکارڈ برابر کردیا۔دبئی میں کھیلے جا رہے سپر فور کے میچ میں محمد شہزاد نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نسبتاً کمزور بھارتی باؤلنگ اٹیک کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کی۔

اوپننگ بلے باز نے جاوید احمدی کے ساتھ پہلی وکٹ کے لیے 65رنز کی عمدہ شراکت قائم کی اور ڈراپ کیچ کی مدد سے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔افغان کی یکے بعد دیگرے وکٹیں گرنا شروع ہوئیں لیکن شہزاد ڈٹے رہے اور انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنی پانچویں سنچری اسکور کی ،ْشہزاد نے آؤٹ ہونے سے قبل 116 گیندوں پر 7 چھکوں اور 11چوکوں کی مدد سے 124 رنز بنائے۔

(جاری ہے)

اس سنچری کے ساتھ ہی محمد شہزاد نے شاہد آفریدی کا 13سالہ پرانا ریکارڈ عالمی ریکارڈ برابر کردیا جہاں سابق مایہ ناز آل راؤنڈر نے بھی بھارت کے خلاف ہی یہ ریکارڈ بنایا تھا۔

جب افغان اوپنر نے سنچری اسکور کی تو اس وقت ان کی ٹیم کا اسکور 131 تھا اور اس لحاظ سے انہوں نے سنچری کے وقت ٹیم کے کمتر اسکور کا شاہد آفریدی کا عالمی ریکارڈ برابر کردیا ،ْآفریدی نے 2005 میں کانپور کے مقام پر بھارت کے خلاف 45گیندوں پر سنچری اسکور کی تھی اور اس وقت پاکستانی ٹیم کا مجموعی اسکور بھی 131 رنز تھا۔اس فہرست میں تیسرا نمبر آسٹریلیا کے شین واٹسن کا ہے جنہوں نے 2011 میں سنچری اسکور کی تو آسٹریلیا کا اسکور 135رنز تھا۔
وقت اشاعت : 25/09/2018 - 20:57:01

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :