ایشیا کپ میں ٹیم کی کارکردگی پر مایوسی ہوئی ، تاہم اب بھی کچھ نہیں بگڑا،عاقب جاوید

امام الحق، فخر زمان کا انداز اپنانے کی کوشش کررہے ہیں جس کی وجہ سے ان کی صلاحیتیں متاثر ہورہی ہیں، محمد عامر کا اعتماد متاثر ہے ، بنگلہ دیش کیخلاف میچ میں فارم بحال ہوسکتی ہے ، سابق فاسٹ بائولر

منگل 25 ستمبر 2018 22:09

ایشیا کپ میں ٹیم کی کارکردگی پر مایوسی ہوئی ، تاہم اب بھی کچھ نہیں بگڑا،عاقب جاوید
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 ستمبر2018ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر اور لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ میں ٹیم کی کارکردگی پر مایوسی ہوئی ہے لیکن اب بھی کچھ نہیں بگڑا، یہی ٹیم کم بیک کرکے ایشین چیمپئن بن سکتی ہے۔پاکستان کی ایشیا کپ میں کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے ان کہنا تھا کہ پاکستانی کرکٹرز اپنا نیچرل گیم نہیں کھیل پارہے۔

’فخر زمان جارح مزاج ہیں وہ سلو اننگز کھیلنے جارہے ہیں جبکہ ٹھہر کر کھیلنے والے امام الحق فخر زمان کا انداز اپنانے کی کوشش کررہے ہیں جس کی وجہ سے ان کی صلاحیتیں متاثر ہورہی ہیں۔‘ان کا کہنا تھا کہ محمد عامر کا اعتماد متاثر ہے اور اگر اس کو ایک میچ کھلانا اور اگلے میچ میں ڈراپ کرنے کا سلسلہ جاری رہا تو اس سے اس کا اعتماد اور بھی متاثر ہوگا۔

(جاری ہے)

’ضروری ہے کہ اس (عامر) کو بنگلہ دیش اور بھارت کیخلاف میچز کھلائیں اور یہ احساس دلائیں کہ وہ ایک میچ ونر ہے۔‘لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ نے کہا کہ اب بھی کچھ نہیں بگڑا، کامبی نیشن ٹھیک کرکے میدان میں اتریں، بنگلہ دیش سے جیتیں اور بھارت کیخلاف سب کچھ بھلاکر میدان میں اتریں، ٹیم ضرور کم بیک کرے گی۔ٹیم کو مشورہ دیتے ہوئے عاقب جاوید نے کہا کہ بنگلہ دیش کے خلاف ٹیم کم بیک کرسکتی ہے کیوں کہ یہ دو خراب فارم والی ٹیموں کا مقابلہ ہے جس میں پاکستان کے پاس موقع ہوگا کہ وہ اپنی فارم بحال کرے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ فائنل میں بھارت کیخلاف جارح کرکٹ کھیلنا ہوگی۔۔
وقت اشاعت : 25/09/2018 - 22:09:59

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :