اے سی سی یوتھ انڈر 19 ایشیا کرکٹ کپ میں حصہ لینے کیلئے قومی انڈر 19کرکٹ ٹیم آج ڈھاکہ روانہ ہوگی

بدھ 26 ستمبر 2018 13:58

اے سی سی یوتھ انڈر 19 ایشیا کرکٹ کپ میں حصہ لینے کیلئے قومی انڈر 19کرکٹ ٹیم آج ڈھاکہ روانہ ہوگی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2018ء) اے سی سی یوتھ انڈر 19 ایشیا کرکٹ کپ میں حصہ لینے کے لئے قومی انڈر 19کرکٹ ٹیم جیت کا عزم لئے آج 27ستمبر جمعرات کی صبح سات بجے کراچی سے براستہ یو اے ای ڈھاکہ روانہ ہوگی۔ہیڈ کوچ اعظم خان کا کہنا ہے کہ کراچی میں لگنے والے تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں کی خامیوں کو دو ر کرنے کی کافی کوشش کی گئی ہے اور انشاء اللہ ٹیم بہتر نتائج حاصل کرے گی۔

انہوں نے کہاکہ کھلاڑیوں کو ٹارگٹ میچز کھیلائے گئے ہیں جبکہ فٹنس پر بھی کافی زور دیا گیا ہے۔بیٹنگ اور بولنگ میں بھی کافی بہتری ہوئی ہے ۔پاکستان کی ٹیم کا پہلا میچ ہانگ کانگ کے ساتھ 29ستمبر کو بنگلہ دیش کے ساتھ یکم اکتوبر کو اورسری لنکا کے ساتھ دو اکتوبر کو ہوگا ۔سیمی فائنلز چار اور پانچ اکتوبر کو ہوں گے جبکہ فائنل سات اکتوبر کو ڈھاکہ میں ہوگا ۔

(جاری ہے)

پندرہ رکنی قومی انڈر 19کرکٹ ٹیم میںکپتان روحیل نذیر ، محمد محسن ،صائم ایوب،جہاں زیب سلطان ،اویز ظفر ،وقار احمد ،سعد خان ،محمد آصف ،فرخ عباس ،محمد بلال جاوید ،جنید خان ،موسی خان ،نسیم شاہ ،محمد حسنین اور ارشد اقبال شامل ہیں ،ٹیم مینجمنٹ میں صادق محمد (منیجر)،ہیڈ کوچ اعظم خان ،اسسٹنٹ کوچ محتشم رشید ،ثاقب فقیر فیلڈنگ کوچ ،محمد عثمان غنی فزیو تھراپسٹ ،صبور احمد ٹرینر ،عثمان ہاشمی اینالسٹ شامل ہیں ۔

ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر ایشیا کی8 انڈر 19کرکٹ ٹیمیں حصہ لیں گی جنھیں دو مختلف اے اور بی گروپوں میں رکھا گیا ہے ۔گروپ اے میں افغانستان نیپال ،بھارت اور یو اے ای شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں پاکستان ،بنگلہ دیش سری لنکا اورہانگ کانگ شامل ہیں ۔ٹیم کے تمام کھلاڑی جیت کے لئے پرعزم ہیں ۔
وقت اشاعت : 26/09/2018 - 13:58:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :